• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جیو کو اصل نمبروں پر بحال کریں، پیمرا کا حکم، 11 کیبل آپریٹرز کو نوٹس

اسلام آباد(جنگ نیوز)جیو نیوز کواصل نمبروں پر بحال کیا جائے‘ پیمرا نے11 کیبل آپریٹرزںکا نام لے کر انہیں حکم جاری کردیا‘ کیبل آپریٹرزکو لائسنس کی شرائط کی خلاف ورزی کرنے پر اظہار وجوہ کا نوٹس بھی جاری کردیا گیا ہے‘عملدرآمد کے لئے سندھ رینجرز، سندھ پولیس،انٹیلی جنس اداروں اور سندھ حکومت سے بھی مدد مانگ لی‘ واضح رہے کہ جیو نیوز کو کراچی میں پچھلے نمبروں پر ڈال دیا گیا تھاجس پر عوام کو اپنا پسندیدہ چینل دیکھنے میں مشکلات پیش آرہی تھیں ‘پیمرا نے اس سلسلے میں فوری نوٹس لیااور پیمرا کے چیئرمین ابصار عالم نے وزیراعظم نواز شریف کو مداخلت کیلئے خط لکھ دیا۔ پیمرا آرڈیننس 2002ء کے سیکشن 33A کے تحت لکھے جانے والے خط میں وفاقی حکومت سے درخواست کی گئی ہے کہ کراچی میں پیمرا قانون کی خلا ف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایکشن میں پیمرا کی مدد کی جائے‘ خط میں وزیراعظم سے مطا لبہ کیا گیا ہے کہ وہ سندھ رینجرز، سندھ پولیس،انٹیلی جنس ایجنسیوں اور سندھ حکومت کوہدایت کریں کہ وہ ان کیبل آپریٹروںکے خلاف کارروائی میں پیمرا کی مدد کریں جنہوں نے جیو نیوز کی نشریات میں غیرقانونی طور پر رکاوٹ ڈالی‘ خط میں وزیراعظم سے درخواست کی گئی ہے کہ جو نامعلوم افراد کیبل آپریٹروں پر دبائوڈال رہے ہیں انہیں انصاف کے کٹہرے تک پہنچانے میں قانون نافذ کرنے والے ادارے پیمرا کی مدد کریں ۔ پیمرا نے 11 کیبل آپر یٹروں کا نام لے کر انہیں حکم دیاکہ جیو نیوز کو 28 جولائی کی پوزیشن پربحال کردیں ‘جیو نیوزکو آخری نمبرز پر ڈالنے والے کیبل آپریٹرزمیں ہوم ویژن،سٹی جی آئی اے ‘نیوڈی جی‘ ٹریکس ‘کے سی ایس، گلوبل کیبل ، کراچی کیبل، اسکائی لائن، شو ٹائم، یونیورسل پروڈکشن اور اسکائی ملٹی سروسز بھی شامل ہیں‘ پیمرا نے کہا ہے کہ اس کی ٹیمیں کیبل آپریٹروں کے دفاترمیں جاکرمانیٹرنگ کریں گی کہ انہوں نے پیمرا کے احکامات پر عملد آمد کیا ہے یا نہیں‘ ان کیبل آپریٹروںکو یہ بھی حکم دیا گیا ہے کہ وہ یہ بتائیں کہ انہوں نے اپنے لائسنس کی شرائط کی خلاف ورزی کیوں کی‘ پیمرا کے مطابق اگر جیو نیوزکو پرانی پوزیشن پر بحال کرنے کے سلسلے میں پیمرا کے حکم کی خلاف ورزی کی گئی توبذات خودایک جرم سمجھا جائے گاجس کی سزا پیمرا آرڈیننس کے سیکشن29 اور30 کے تحت دی جاسکے گی‘ قانون کے مطابق پیمرا کے پاس نشریات یا ڈسٹری بیوشن سروس کا لائسنس جاری، معطل یا منسوخ کرنے کے مکمل اختیارات ہیں پیمرا کا لائسنس حاصل کرنے والوں کو یاد رکھنا چاہئے کہ پیمرا اپنی رٹ برقر ار رکھنے کے لئے اپنے عزم پر قائم ہے‘ کسی شخص یا گروپ کی جانب سے پیمرا کے اختیارات میں مداخلت کی کسی بھی غیر قانونی کوشش کا مقابلہ قانون کے مطابق سختی سے کیا جائے گا۔
تازہ ترین