• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین سے معاہدے روایتی نہیں ،تیزی سے عملدرآمد ہو گا ،شہباز شریف

لاہور (حذیفہ رحمان) وزیراعلیٰ پنجا ب شہباز شریف 5دن کا مصروف ترین دورہ کرکے وطن واپس پہنچ گئے۔پہلی مرتبہ پاکستان کے کسی صوبے کے وزیراعلی کو سربراہان مملکت کی طرح اہمیت دی گئی۔غیر معمولی اہمیت کے حامل 5روزہ دورے میں 50معاہدوں اور مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کئے گئے۔وزیراعلیٰ پنجاب   شہبا ز شریف نے روزنامہ جنگ سے خصوصی گفتگو میں کہا ہے کہ یہ روایتی معاہدے نہیں ہیں بلکہ ان پرعملی طور پر تیزی سے عملدرآمد ہوگا۔چین کے سفارتی و حکومتی حلقے شہباز شریف کے اس دورے کو اپنے نتائج کے حوالے سے بے حد کامیاب قرار دے رہے ہیں-  وزیراعلی ٰ شہباز شریف نے جہاز میں روزنامہ جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "پنجاب اسپیڈ کی اصطلاح کا اعزاز میرا نہیں بلکہ پنجاب حکومت اور عوام کا اعزاز ہے۔میں چین کے سرمایہ کاروں کا بھی اسی طرح سے خادم ہوں ،جس طرح سے پنجاب کے عوام کا۔ میری ساری جدوجہد پنجاب کے بہتر مستقبل کے لئیے ہے۔ دورہ کے دوران چین کی اعلی قیادت خصوصا کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کے سرکردہ رہنماؤں کی جانب سے شہباز شریف اور ان کے وفد کو غیر معمولی پذیرائی دی گئی- 50 کے قریب معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوںمیں سے 20 معاہدے شامل ہیں - دریں اثناء وزیر اعلی پنجاب نے پاکستان کی زمین پر طیارہ اترنے کے فورا بعد ہی بغیر آرام کئے اپنی سرکاری مصروفیات کا آغاز بھی کردیا ہے ۔ لاہور واپسی سے قبل وزیر اعلیٰ نے جیموسٹی میں اکنامک ڈویلپمنٹ زون اور گارمنٹس و ٹیکسٹائل انڈسریز کا دورہ کیا- وزیر اعلیٰ اس دورے کے بعد وطن واپسی کے لئے روانہ ہوئے - یہ امر قابل ذکر ہے کہ وزیر اعلیٰ کے دورہ چین کے دوران جہاں سربراہان مملکت والا پروٹوکول دیا گیا وہاں  کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کے سینئر رہنما و وزیر کو ان کا وزیر مہمان داری مقرر کیا گیاجو دورہ کے آغاز سے اختتام تک وزیر اعلی شہباز شریف کے ہمراہ رہے- وزیر اعلی کے دورہ کی ایک خوبصورتی یہ بھی رہی کہ انہوں نے بیجنگ سے جنا ن شہر اور پھر جنان سے چنگ ڈاؤ تک کا سفر تیز رفتار ٹرین میں کیا- وزیر اعلی نے پورے دورہ چین کے دوران ایک منجھے ہوئے سفارتکار کی حیثیت سے پاکستان اور چین کے مابین بڑھتے ہوئے تجارتی ، معاشی اور صنعتی تعلقات سی پیک کی خطے خصوصا پاکستان کے لئے اہمیت اور پاکستان کی ترقی میں چینی تعاون کے بے پایاں کردار کو انتہائی مدلل انداز میں اجاگر کیا- چین کی اعلیٰ قیادت اور کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کے سرکردہ رہنماؤں اور وزراء نے  شہباز شریف کو پاکستان خصوصا پنجاب کی تعمیر و ترقی کے منصوبوں میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔روزنامہ جنگ سے مزید گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ انہوں نے پنجاب حکومت چین کی حکومت اور حکمران پارٹی کے اعتماد پر پورا اترنے کیلئے اپنی پوری توانائیاں صرف کر رکھی ہیں ۔ پنجاب سرمایہ کاری کیلئے بہترین جگہ ہے اور سرمایہ کار یہ بات دھیان میں رکھیں کہ پاکستان میں اگلے برس تک لوڈ شیڈ نگ پر قابو پایا جا چکا ہوگا۔ اس نمائندے کے ایک سوال کے جواب میں انہو ںنے کہا کہ پاکستان میں روزگار بڑھے گا، صنعتیں لگیں گی تو عوام بھی ترقی کریں گے ۔ ہمارے وفد کی جس طرح چین کی کیمونسٹ پارٹی نے  پذیرائی کی اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی اور یہ بے مثال پذیرائی اس امر کا مظہر ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ میں پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے حوالے سے مکمل ہم آہنگی موجود ہے۔ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور پاک چین دوستی کے سفر کو نئی بلندیوں پرلے گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دورے کے دوران پنجاب حکومت اور چین کے درمیان 50 کے قریب معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہوئے ہیں جن میں 20 معاہدے اور باقی مفاہمت کی یادداشتیں ہیں۔
تازہ ترین