• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جو ادارہ گیس واجبا ت ادا کریگا اسٹیل ملز اس کے حوالے کی جائیگی ،چیئرمین نجکاری کمیشن

اسلام آباد ( صباح نیوز)  نجکاری کمیشن کے چیئرمین محمد زبیر نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ اسٹیل ملز کے دوبارہ چلائے جانے میں سب سے بڑی رکاوٹ اس کی گیس کا منقطع ہونا ہے جس کے واجبات 40 ارب روپے سے تجاوز کر گئے ہیں اور ان کی ادائیگی کرنے کی سکت فی الحال اسٹیل ملز میں نہیں ہے۔محمد زبیر نے کہا نجی شعبے کا جو بھی ادارہ اسٹیل ملز کو خریدنے کی خواہش ظاہر کرے گا تواس سے اِس بات پر مذاکرات کیے جائیں گے کہ وہ پہلے گیس کے واجبات ادا کرے گا پھر مل اس کے حوالے کی جائے گی۔نجکاری کمیشن کے سربراہ نےا سٹیل ملز کے لیے بیل آٹ پیکیج دینے کے امکان کو یکسر مسترد کر دیا اور اور کہا کہ چین کے چند اداروں نے پاکستان اسٹیل ملز کی خریداری میں اپنی دلچسپی ظاہر کی ہے اور حکومت کے منصوبے کے تحت  ا سٹیل ملز کو رواں برس دسمبر کے مہینے میں دوبارہ چلایا جا سکے گا۔ایک سوال کے جواب میں محمد زبیر نے تسلیم کیا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے لیے سٹیل کی سب سے زیادہ ضرورت ہو گی اسی وجہ سے حکومت نجکاری کے عمل کو تیزی سے آگے بڑھانا چاہتی ہے۔تاہم انھوں نے خبردار کیا کہ سٹیل ملز کی موجودہ حالت میں اس کے اثاثے دراصل واجبات کی شکل اختیار کر گئے ہیں اور خدشہ ہے کہ اس کی وہ قیمت نہ مل پائے جس کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔ان کا کہناہے کہ موجودہ حکومت کو تین سال ہو گئے اور وفاق کے تحت چلائی جانے والی سٹیل ملز کا نہ بورڈ آف ڈائریکٹرز مکمل ہوا اور نہ ہی بورڈ کے چیئرمین کی تقرری عمل میں آئی ہے۔یہ بورڈ اف ڈائریکٹرز ہی سٹیل مل کے معاملات چلاتا ہے۔ پاکستان سٹیل ملز کی پورٹ قاسم پر اپنی جیٹی ہے جس سے خام مال کی ترسیل پلانٹ تک کنویئر بیلٹ کے ذریعے کی جاتی ہے۔پاکستان سٹیل مل کا اپنا ریلوے کا نظام بھی ہے جس کے ذریعے پگھلے ہوئے لوہے اور سٹیل کی ترسیل ایک پلانٹ سے دوسرے تک کی جاتی ہے۔پاکستان سٹیل کا 110 ملین گیلن پانی کا ذخیرہ اور فلٹر پلانٹ ہے جس سے ادارے اور قریبی آبادیوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا جاتا ہے۔ پاکستان سٹیل کا 100 بستروں کا اپنا ہسپتال بھی ہے۔خیال رہے کہ پاکستان سٹیل مل کا بہترین پیداواری برس سنہ 1993 تھا اور یہ ٹیکس کی مد میں حکومت کو اب تک 105 ارب روپے سے زیادہ ادا کر چکا ہے۔ پاکستان میں نجکاری کمیشن کے چیئرمین محمد زبیر نے وزیرِ اعظم یا ان کے خاندان کے سٹیل ملز کے تناظر میں مفادات کے تصادم کے الزام کو مسترد کیا ہے۔
تازہ ترین