• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
ورلڈ بنک پھر اس بات کا اظہارکررہاہے کہ پاکستانی روپے کی قیمت اس کی اصل پیداواری قیمت سے اب بھی زائد ہے لہٰذا ایک بار پھر اس کی قدر میں کمی کی ضرورت ہے جبکہ گزشتہ سال ہی روپے کی قدر میں کمی کی گئی ہے۔ ’’قرض چکاؤ اسکیم‘‘ میں ملین ڈالر جمع ہوئے جن میں 75فیصد رقم وہ ہے جو موجودہ بین الاقوامی تجارتی شرح سے زیادہ سود کے وعدے پر حاصل کی گئی ہیں۔ ہاورڈ بزنس اسکول کے مشہور و معروف پروفیسر مائیکل پورٹر کا کہنا ہے’’اگر اقتصادی حل کرنسی کی قیمت میں کمی ہے تو پھر اقتصادی پالیسی میں کوئی بنیادی نقص ضرور ہے‘‘۔ یہی بات کچھ عرصہ سے بعض پاکستانی بھی کہتے رہے ہیں لہٰذا یہ امر ضروری ہے کہ اقتصادی پالیسی کی ساخت پر صحیح معنوں میں غور کیا جائے اور ایسا حل تلاش کیا جائے جس کے نتیجے میں پاکستانی معیشت کرنسی کی قدر میں بار بار کمی سے محفوظ ہو جائے۔ مقامی سرمایہ کاروں کا ایک پُرعزم گروپ نہایت کامیابی کے ساتھ اس مسئلے کو حل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ایسی کثیر الاقوامی کارپوریشنیں موجود ہیں جو مقامی سطح پر صنعت کاری کے ذریعہ عالمی سطح پر کامیابی حاصل کرنے پر یقین رکھتی ہے۔
پاکستان میں بھی اس کے روشن مواقع موجود ہیں ۔ جاپانی کمپنیوں نے گزشتہ پچاس برسوں میں کامیابی کا ایک عظیم باب رقم کیا ہے۔ دنیا میں جہاں کہیں بھی اس کارپوریشن کے قدم پہنچے ہیں، اس نے مقامی طور پر صنعت کو فروغ دیا ہے۔ اگر اسے پاکستان میں سازگار ماحول دیا جائے تو وہ یہاں بھی وہی کارنامہ سرانجام دے سکتی ہے۔ حال ہی میں ہانگ کانگ میں ہاورڈ بزنس اسکول کے بین الاقوامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مائیکل پورٹر نے مزید کہا کہ’’محض قدرتی وسائل کی افراط ، سستی افرادی قوت، آبادی کا حجم یا فوجی قوت سے ہی کوئی معیشت پنپ نہیں سکتی بلکہ پیداواری طاقت اس کا منبع ہے اور یہ اشیاء کی قدر میں اضافہ کرنے ہی سے ممکن ہے۔ مینجمنٹ کے تین بنیادی ارکان یعنی لاگت میں کمی، کارکردگی میں اضافہ اور موثر طریقہ کار انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ اس بات کی اہمیت کم ہے کہ آپ کو کیا کرنا ہے اور یہ بات زیادہ اہم ہے کہ اسے کیسے کرنا ہے انفرادیت کی تخلیق آپ کا کام ہے۔ آپ کو اشیاء کی قدر میں اضافہ کرنا ہے درحقیقت وہی کامیابی کی ضمانت ہیں اور اس منزل تک پہنچنے کے لئے واحد راستہ ایسا قومی ماحول ہے جو کاروبار کو فروغ دینے کا ضامن ہوسکے۔ آج کی دنیا مقابلے کا میدان ہے اور وہی اس میدان میں اتر سکتا ہے جس کے پاس اعلیٰ معیار ہو ۔ ایسا ہی ملک اپنے عوام کو ایک بہتر معیار زندگی فراہم کرسکتا ہے۔
ہاورڈ بزنس اسکول کے ایک ڈین، پروفیسر کم کلارک نے بھی مذکورہ بالا کانفرنس میں کہا کہ ان کا ادارہ ٹیکنالوجی کی تشکیل ترقی، مہارت اور بین الاقوامیت پر اپنی توجہ مرکوز رکھے گا۔ ٹیکنالوجی کے معاملہ میں پاکستان بہت پیچھے ہیں۔ معیشت کو سطح عالمی تک لے جانا، مقابلہ کی قوت پیدا کرنا اور تخلیقی انفرادیت پیدا کرنا ابھی ہمارے لئے خواب و خیال ہے لیکن پاکستان کے پاس افرادی قوت کی کمی نہیں، جیساکہ حال ہی میں وزیرِ اعظم نے ایک موقع پر تسلیم کیا کہ ہمارے پاس ماہرین اور مہارت کی بھی کمی نہیں ۔ پاکستانی تاجر اور صنعت کار اعلیٰ پائے کے ہیں۔ منجملہ پاکستانیوں نے ملک میں بلکہ بیرونِ ملک زیادہ نمایاں طور پر، کامیابی کے جھنڈے گاڑے ہیں۔ اس پر ہماری آئندہ ترقی اور خوشحالی کا دارومدار ہے۔ اسی کی بدولت ہم اپنے قرضوں سے چھٹکارا حاصل کر سکیں گے۔ بیرونِ ملک موجودہ پاکستانیوں کی ہنرمندی اور مہارت فن ہی آخر کار ہمارے کام آئے گی کہ ایک ایسی اسکیم کے ذریعے جیسے ’’قرض اتارو ملک سنوارو ..... بیرونِ ملک قومی وسائل کو دوبارہ ملک میں واپس لاؤ اسکیم‘‘ کا نام دینا چاہئے۔ کیوں نہ ہم ایک ایسا صنعتی اور تجارتی ماحول تشکیل دیں جس کے ذریعہ پاکستان ہی میں اعلیٰ معیار حاصل کر کے پاکستانیوں کی ترقی کے بہتر مواقع پیدا کئے جائیں، جو پاکستان میں ہی زیادہ تر سرمایہ کاری، صنعت کاری اور برآمدات پر مناسب توجہ دے سکیں۔ کیوں نہ ہم اپنے ان باصلاحیت افراد کو واپس لائیں جو دنیا بھر میں بہترین مانے جاتے ہیں تاکہ وہ اپنے ملک کی معیشت کی تعمیر میں ہاتھ بٹا سکیں؟ ہمارے سائنسدانوں کو تو اپنے ملک کی خدمت کا موقع ہی نہیں دیا گیا۔ نوبل پرائز یافتہ واحد پاکستان سائنسدان آنجہانی پروفیسر عبدالسلام پاکستان میں پیدا ہوئے، یہیں ان کی تعلیم و تربیت ہوئی لیکن اس کے بعد کیا ہوا؟ انہوں نے پوری زندگی بیرونِ ملک گزاری۔ البتہ ان کی تدفین پاکستان کی مٹی میں ہوئی۔ ہمیں چاہئے کہ اپنے ماہرین کو ، اپنے افرادی وسائل کو کس طرح واپس بلائیں۔ ہمارے سائنسدان، اساتذہ، ماہرین طب، انجینئر، منتظمین اور کارکن جو ملک سے باہر جاکر مالی تحفظ تلاش کرتے ہیں وہ جن کی تعلیم و تربیت پر قیمتی قومی وسائل صرف ہوئے ہیں جو دوسرے ممالک کو اپنے ہنر اور اپنی مہارت سے فیضیاب کر رہے ہیں، انہیں اپنے وطن میں ہونا چاہئے۔ ہمیں اس بات کی ضرورت ہے کہ ہم ان کی صلاحیت سے فائدہ اُٹھانے کے لئے منصوبہ بندی کریں اور اس طرح اپنے قومی مفاد کا تحفظ کریں۔ ہمیں چاہئے کہ ہم اپنے افرادی وسائل اور ماہرین کو وہ عزت، وہ مقام دیں جو ان کا حق ہے۔
ضرورت اس بات کی ہے کہ اپنے بیرونی سرمایہ دار افراد اور ماہرین کو ملک کے اندر رہ کر دولت میں اضافہ کا موقع فراہم کریں ۔ یہی وقت کا تقاضا ہے کاش کہ ہم اپنے پیروں پر کھڑے ہونے کے لئے خود اپنے طرز عمل کی اصلاح کر سکیں۔ کہیں ہماری وہی حالت تو نہیں کہ
چلتا ہوں تھوڑی دور ہر اک راہ رو کے ساتھ
پر جانتا نہیں ہوں ابھی رہبر کو میں
باور کیا جاتا ہے کہ اندرون یا بیرونِ ملک پاکستانی جو پاکستان میں یا بیرونِ ملک ان کے تقریباً دس بلین ڈالر بیرونِ ملک جمع ہیں مندرجہ بالا تجاویز پرعمل کرنے سے یہ سرمایہ دار اندرونِ ملک منتقل ہو سکتا ہے۔ جس سے پاکستان کی منجملہ ضروریات پوری ہو سکتی ہیں
اُٹھتے نہیں ہیں ہاتھ مرے اس دعا کے بعد
تازہ ترین