• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
وزیر اعظم نواز شریف نے حکمراں جماعت کے پارلیمانی ارکان کو انتخابی مہم کے دوران قوم سے کئے گئے وعدے پورے کرنے کیلئے حکومتی میعاد کی بقیہ پونے دو سال کی مدت میں کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم حال کے ساتھ ساتھ مستقبل کو بھی روشن بنانے کے لئے پرعزم ہیں لہٰذاہمیں اپنی حکومت کے آخری دوبرسوں میں عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو مکمل کرنا ہے۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الحمد للہ ملک میں دہشت گردی پر قابو پالیا گیا ہے،پاکستان کا شمار دنیا کی ابھرتی ہوئی معیشتوں میں ہورہا ہے، زرمبادلہ کے ذخائر تاریخی سطح تک پہنچ گئے ہیں،سرمایہ کار پاکستان آرہے ہیں، بجلی کے منصوبوں میں ایک ارب روپے کی بچت ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر پچھلی حکومتوں نے بجلی کی پیداوار میں اضافے، دہشت گردی کی روک تھام اورمعاشی استحکام کیلئے کام کیا ہوتا تو ملک کو وہ سنگین مسائل درپیش نہ ہوتے جن سے ہمیں واسطہ پڑا ۔ اس حقیقت سے انکار یقیناً ممکن نہیں کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے امن وامان کے قیام اور معیشت کی بحالی کے حوالے سے اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں لیکن تعلیم ، صحت، روزگار، شہری سہولتوں وغیرہ میں بہتری کے لئے ابھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔بجلی کی پیداوار میں اضافے اور لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کا وعدہ پورا کرنے کیلئے جاری منصوبوں کی رفتار بہت تیز کرنا ضروری ہے ۔ حکومت کی پانچ سالہ معیاد میں اب صرف پونے دوسال باقی ہیں۔ آئندہ انتخابات میں موجودہ حکمراں جماعت اپنی کارکردگی ہی کی بنیاد پر دوبارہ عوام کی حمایت ملنے کی توقع کرسکتی ہے جبکہ جمہوری روایات کے مطابق اپوزیشن جماعتیں ووٹروں کے سامنے اپنا منشور پیش کرنے کے ساتھ ساتھ حکومت کی کارکردگی کو کڑی تنقید کا ہدف بنائیں گی۔ اس چیلنج کا مقابلہ حکمراں جماعت اسی صورت میں کرسکتی ہے جب وہ اپنے انتخابی وعدوں کی تکمیل کے امتحان میں کامیاب ہو اور عوام کی فلاح و بہبود کے کام اس کی نامہ اعمال میں نمایاں طور پر موجود ہوں۔
تازہ ترین