• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میڈیا دفاتر پر حملے، جلائو گھیرائو،پاکستان مخالف نعرے، متحدہ کے 2؍ہزار نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج

کراچی(اسٹاف رپورٹر) میڈیا دفاتر پر حملے، جلائو گھیرائو، سرکاری املاک کو نذر آتش کرنے، پاکستان مخالف تقریراور نعرے لگانے پرایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سمیت متحدہ کے 15نامزد رہنمائوں سمیت دو ہزار نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ کے کارکنان کی جانب سے میڈیا دفاتر پر حملے جلائو گھیرائو سرکاری املاک کو نذر آتش کرنے سمیت پاکستان مخالف نعرے لگانے پر پولیس نے آرٹلری میدان تھانے میں متحدہ کے 15نامزد رہنمائوں سمیت 1500سے 2000نامعلوم افراد کے خلاف 2مقدمات درج کرلیے۔ مقدمات میں انسداد دہشت گردی کی دفعات بھی شامل کی گئیں ہیں۔تفصیلات کے مطابق متحدہ کے کارکنان کی جانب سے قائد کی اشتعال انگیز تقریر اور پاکستان مخالف نعرے کے بعد میڈیا ہائوسز پر، توڑ پھوڑ، جلائو گھیرائو، سرکاری املاک کو نذر آتش کرنے کے الزام میں آرٹلری میدان تھانے میں پولیس نے 2الگ الگ مقدمات درج کر لیے ہیں۔پولیس نے بتایا کہ پہلا مقدمہ نمبر 116/16ایس ایچ او آرٹلری میدان عبدالغفار کی مدعیت میں درج کیا گیا جس میں ٹیلی گراف ایکٹ کی دفعہ 25،109.123A.124A.7ATA.شامل کی گئی ہے ،جبکہ دوسرا مقدمہ نمبر 117/16بھی ایس ایچ او کی مدعیت میں درج کیا گیا جس میں 309.324.353.186. 149.148.147.393.124A.123A .337 .436 .435 .506/Bاور انسداد دہشت گردی کی دفعہ 7ATAشامل کی گئی ہے پولیس کے مطابق مقدمے میں متحدہ کے 15رہنما جن میں فاروق ستار،کنور نوید جمیل،عامر خان، شاہد پاشا، قمر منصور،گل فراز خٹک، عبدالقادر، جاوید کاظم، عارف خان، اکرم راجپوت سمیت دیگر اور 1500سے زائد نامعلوم مرد و خواتین شامل ہیں۔ ایف آئی آر کے مطابق پریس کلب کے باہر ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے بھوک ہڑتالی کیمپ میں بذریعہ فون خطاب کیا جس میں کہا پاکستان مردہ باد،بھوک ہڑتال میں نے شروع کرائی تھی سب کو پانی پلا کر ہڑتال ختم کردو اور سب گھروں کو جائیں، میرا پاکستان سے اور تحریک سے کوئی تعلق نہیں ہے پاکستان دنیا کیلئے ایک ناسور ہے ،پاکستان دنیا کیلئے ایک عذاب ہے اور پاکستان دنیا کیلئے دہشت گردوںکا فنڈر ہے اور اس کا خاتمہ ہو گا،رپورٹ میں درج کیا گیا ہے کہ الطاف حسین نے وہاں پر موجود تمام افراد سے ملک دشمن نعرے لگوائے ۔ایف آئی آر کے مطابق الطاف حسین نےاشتعال انگیز تقاریر کرکے اے آر وائی اور سماء ٹی وی چینلز پر حملہ اور نشریات بند کرنے کی ترغیب دینا شروع کردی جس پر وہان موجود تمام کارکنان ڈنڈوں پتھروں اور آتشی اسلحہ سے مسلح ہو کر توڑ پھوڑ شروع کردی انکی مدد میں خدمت خلق فاؤنڈیشن میں سوار مسلح اور ڈنڈے بردار کارکن بھی شامل ہوئے ٹائر جلا کر روڈ کو بلاک کر دیا اور موقع پر موجود پولیس افسران اور اہلکاروں کو گھیر کر ڈنڈوں اور پتھروں سے مارا گیا اور فوراہ چوک پرمشتعل افراد نے ٹریفک چوکی پر بھی پتھراو کیا اور وہاں موجود متعدد گاڑیوں پر پتھراؤ کیا اور پولیس موبائل کو آگ لگا دی ۔سرکاری اسلحہ چھنے کی بھی کوشش کی اور اور مشتعل مظاہرین کی فائرنگ اور پتھرائو سے متعدد زخمی ہوئے اور ایک شخص بعد ازاں دوران چل بسا۔ مظاہرین اے آروائی کے دفتر میں گھس کر توڑ پھوڑ کی ملزم،جبکہ پتھراؤ سے ایس ایچ او بھی زخمی ہو گیا ۔محمد سلیم، راؤ طارق ،ندیم ،محمد اصف ،محمد ناصر ،فہیم دانش محمد سبحان، راؤ محمد اعجاز ،عرفان ،و دیگر کو گرفتار کرلیا۔ دریں اثناء متحدہ کے قائد کی جانب سے اشتعال انگیز تقریر اور پاکستان مخالف نعروں پر اسٹیل ٹاؤن اور سائٹ سپر ہائی وے تھانوں میں 2مقدمات درج کر لیے گئے، مقد ما ت میں متحدہ کے مقامی 29سے زائد رہنما بھی نامزد کیے گئے ہیں۔متحدہ کے قائد کی جانب سے پیر کی سہ پہر اشتعا ل انگیز تقریر اور پاکستان مخالف نعروں کے بعد پولیس حکام نے اسٹیل ٹاؤن تھانے میں شہری وحید شیخ کی مدعیت میں متحدہ کے رہنما سمیت 29سے زائد مقامی رہنماؤں کیخلاف مقدمہ نمبر 136/16درج کرلیا ہے ،پولیس نے مزید بتایا کہ اسی طرح سائٹ سپر ہائی وے تھانے میں بھی ایک مقدمہ نمبر 374/16درج کیا گیا ہے، مقدمات میں 120B.121A.123A.124A.109.7ATAاور ٹیلی گراف ایکٹ کی دفعات لگائی گئی ہیں جبکہ نامزد افراد میں متحدہ کے قائد اور فاروق ستار سمیت دیگر رہنما شامل ہیں۔
تازہ ترین