• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گالم گلوچ کی سیاست کرنے والوں کا بوریا بستر گول ، فاروق ستار

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایم کیوایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان میں پارٹی کےسربراہ ہیں۔ لندن والوں پر پہلی بار فیصلہ مسلط کیا ۔ گالم گلوچ کی سیاست کرنے والوں کا بوریا بستر گول ہونے والا ہے،بیان آنے پر کنفیوژن ختم ہوگیا، اب انہیں کارکنوں سے خطاب کا موقع نہیں دینگے، ایم کیوایم کے عارضی دفتر گھانچی ہال میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی قائد کا تحریک میں بطور بانی کردار رہے گاکیونکہ پاکستان میں ایم کیوایم ان کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔علاوہ ازیں میڈیا سے گفتگو میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹرفاروق ستارنے کہاہے کہ رابطہ کمیٹی کے اختیارات سے متعلق ایم کیو ایم قائد نے بھی بیان جاری کردیاہے، فیصلے پاکستان سے ہور ہے ہیں، اب کوئی مسئلہ نہیں رہا، سیاسی دفاتر نہیں ہمار ے عوامی دفاتر ہیں، اپیل کرتا ہوں کہ نائن زیرو اور دیگر دفاتر کھولے جائیں۔ پارٹی کے نامزد میئر وسیم اختر کراچی والوں کے میئر ہیں، پیچھے مڑ کر دیکھنے والے نہیں ہیں، نسرین جلیل غلط فہمی کا شکار ہوگئی تھیں ان کا کنفیوژن دور کیا جاچکا ہے اور ڈاکٹر عامر لیاقت جذباتی ہیں، وہ ہمارے ہی ہیں، نظریاتی طور پربھی  ہمارے ہیں۔فاروق ستارنے کہاکہ کراچی والے ایم کیو ایم کو نمائندہ جماعت مانتے ہیں، وسیم اختر مشکل حالات میں کام کررہے ہیں، سب کو صبر پر مبارکباد دیتا ہوں، ایسا صرف نظریاتی سیاست کرنے والے ہی کرسکتے ہیں جبکہ مفاد کی سیاست کرنے والے ایسے مشکل وقت میں نہیں چل سکتے۔ انہوں نے کہا کہ وسیم اختر بھاری اکثریت سے میئر کراچی منتخب ہوں گے جو کراچی کو تیزی سے ترقی کی طرف لیکر جائیں گے۔صحافیوں نے فاروق ستار سے آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق سوال کیا تو اس کا جواب انہوں نے شعر کی صورت میں دیا، جو سفر اختیار کرتے ہیں ، وہی دریا کو پار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کل رات عشا کی نماز تک جو ابہام تھا وہ فجر کی نماز کے بعد دور ہوگیا جبکہ نسرین جلیل غلط فہمی کا شکار ہوگئی تھیں ان کا کنفیوژن دور کیا جاچکا ہے۔ دریں اثنا متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے سینئر رہنما خواجہ اظہارالحسن نے کہا ہے کہ پیر کو ہونے والی پریس کانفرنس سے قبل قائد تحریک الطاف حسین اور لندن میں موجود پارٹی قیادت سے کسی قسم کی مشاورت یا رابطہ نہیں کیا گیا تھا۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی کے معاملات پاکستان سے چلانے کا فیصلہ خود کراچی کی رابطہ کمیٹی نے کیا، کیونکہ جس طرح سے الطاف حسین کے بیانات اور ان کے بعد مسلسل معافیاں سامنے آرہی تھیں ایسا مزید نہیں ہونا چاہیےتھا۔انہوں نے کہا کہ متحدہ الیکشن کمیشن میں بھی ایم کیو ایم پاکستان کے نام سے رجسٹرڈ ہے اور وہاں نام بھی فاروق ستار کا درج کیا گیا تھا، لہذا قانونی طور پر ایم کیو ایم کی قیادت پاکستان میں ہی ہے۔انھوں نے الطاف حسین کے پاکستان مخالف بیان کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ اب متحدہ کی پا کستا ن قیادت انہیں کارکنوں سے مخاطب ہونے کا کوئی موقع یا پلیٹ فارم فراہم نہیں کرے گی۔خواجہ اظہارالحسن کا کہنا تھا کہ ہم کسی بھی اس سرگرمی کی حمایت نہیں کریں گے جس کا تعلق شرپسندی پھیلانے سے ہو۔ جو کچھ بھی ہوا مستقبل میں اس کی روک تھام کے لیے اب ہم نے عوام کے سامنے آکر یقین دہانی کرائی ہے، لہذا آئندہ ایسے اشتعال انگیز بیانات کی کوئی گنجائش موجود نہیں ہے۔ 
تازہ ترین