• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی اتحادمیں پھوٹ،(ن) لیگ کاتحریک انصاف پرغداری کا الزام

کراچی(اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ کی مخالف سیاسی جماعتوں کے کراچی اتحادمیں پھوٹ پڑگئی اورمسلم لیگ(ن)نے تحریک انصاف کو غدار قرار دیدیا۔بدھ کوتحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل اولڈکے ایم سی بلڈنگ میں پریس کانفرنس کررہے تھے کہ چیئرمین کیلئے مسلم لیگ(ن)کے امیدوارامان اللہ آفریدی وہاں پہنچ گئے اورانہیں دھکادیتے ہوئے روسٹرم سے ہٹادیا۔ امان اللہ آفریدی نے تحریک انصاف کو غدار قرار دیتے ہوئے کہاکہ پی ٹی آئی نے قرآن پرہاتھ رکھ کرکہاتھاکہ وہ ایم کیوایم کے امیدواروں کوووٹ نہیں دینگے لیکن انہوں نے ضلع غربی میں چیئرمین شپ کیلئے ایم کیوایم کو 4 ووٹ دیئے جس کے جواب میں ایم کیوایم نے ان کے امیدوار کو21ووٹ دیئے۔تحریک انصاف نے ایم کیو ایم سے اتحادکرکے ہماری پیٹ میں چھراگھونپا جبکہ تحریک انصاف کے عمران اسماعیل کاکہناتھاکہ کراچی کی بہتری کیلئے منتخب میئرکاساتھ دینگے۔اس موقع پرپولیس اوررینجرز کی بھاری تعداد نے عمران اسماعیل کوحفاظتی حصار میں لیا اور عمارت کے اندرلے گئے۔قبل ازیں عمران اسماعیل نے ایم کیوا یم کے نامزدمیئرکرا چی وسیم اخترسے ملاقات کی جس کے بعدمیڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وسیم اختر کوپارٹی رہنماکی حیثیت سے نہیں ملا،وسیم پرانا دوست تھا اس لئے ملنے گیا۔عمران اسماعیل نے اس بات کابھی اعادہ کیاکہ ڈسٹرکٹ کونسل کے منتخب چیئرمین کے ساتھ ملکرچلیں گے چاہے ان کاتعلق کسی بھی جماعت سے ہی کیوں نہ ہو۔
تازہ ترین