• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دہشتگردوں کیخلاف ہماری کارروائی امریکاتسلیم نہیں کرتا‘سیکریٹری خارجہ

 اسلام آباد (نمائندہ جنگ) سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان نے حقانی نیٹ ورک سمیت تمام دہشت گردوں کے خلا ف بلاامتیاز کارروائی کی لیکن امریکا نے اسے تسلیم نہیں کیا،اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیںدیں گے، پاکستان اور امریکا کے درمیان خیالات اورسوچ کے اختلافات کو حل کرنے کے لئے مسلسل رابطوں کی ضرورت ہے‘پاک فوج، سکیورٹی اداروں اور عوام نے اپنی قربانیوں سے صرف پاکستان اور خطے کو ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں دہشت گردی کے خلاف اپنے اقدامات سے ایک مثال قائم کی۔ یہ بات انہوں نے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے امریکی صدربارک اوباماکے خصوصی معاون پیٹرلوائے سے گفتگوکرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعرات کو اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔ سیکرٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہر قسم کے امتیاز کے بغیر حقانی نیٹ ورک سمیت دہشت گردوں کے تمام گروپوں کے خلاف کارروائیاں کیں یہ بات قابل افسوس ہے کہ اس حوالے سے امریکا پاکستان کی جانب سے کی جانے والی موثر کوششوں کو تسلیم کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس کرتا ہے۔ سیکرٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ مسائل کے حل کیلئے دونوں ممالک کے درمیان مفاہمت اور تعاون ضروری ہے‘ آپریشن ضرب عضب کے ذریعے فاٹا میں دہشت گردوں کے ٹھکانے ختم کرنے میں بڑی کامیابی ملی ہے۔ اس موقع پر امریکی معاون خصوصی پیٹرلوائے نے کہا کہ امریکہ دہشت گردی کے خلاف عوام اور مسلح افواج کی کامیابیوں کو تسلیم کرتا ہے، افغانستان میں امن واستحکام کیلئے پاکستان کے اقدامات قابل تحسین ہیں خطے میں امن اور استحکام کیلئے دونوں ممالک کو مشترکہ طور پر کوششیں جاری رکھنی ہوں گی، دہشت گردی کا خاتمہ دونوں ملکوں کے مشترکہ مفاد میں ہے۔
تازہ ترین