• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لکی اسٹار‘ڈاکوؤں کی فائرنگ سےحساس ادارے کا اہلکارشہید

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی کے علاقے لکی اسٹار کے قریب ڈکیتی میں مزاحمت کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے حساس ادارے کا اہلکار شہید جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے ۔ذرائع کے مطابق واقعہ میں ملوث دونوں  ملزمان کو گرفتارکرلیاگیاہے جن کا تعلق ایم کیوایم سے ہے ‘ایس ایچ او آرٹلری میدان عبدالغفار سندھو نے بتایا کہ صدر لکی اسٹار کے قریب ملزمان کو پکڑنے کی کوشش کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے شہید ہونے والے حساس ادارے کے اہلکار کی شناخت 30 سالہ امجد ولد محبوب علی کے نام سے ہوئی ،انہوں نے مزید بتایا کہ امجدصدر لکی اسٹار کےپاس کور فائیو کے قریب اپنے ساتھی کے ساتھ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ڈیوٹی دے رہا تھا کہ لکی اسٹار سے متصل داؤد پوتا روڈ پر دو ملزمان نے اسلحہ کے زور پر لوٹ مار کے دوران موبائل شاپ پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دو ہندو سگے بھائی زخمی ہوگئے ، فائرنگ کی آواز سن کر حساس ادارے کا اہلکار اپنے ساتھی کے ساتھ موقع پر پہنچا اور ملزمان کو پکڑنے کی کوشش کی تو ملزمان نے حساس ادارے کے اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں حساس ادارے کا اہلکار امجد سینے میں گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگیا جبکہ اسکے ساتھی نے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا جبکہ ایک ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، حساس ادارے کے اہلکار کو فوری طور پر پی این ایس شفاءپہنچایا گیا جہاں وہ دوران علاج چل بسا، ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ حساس ادارے کے اہلکاروں نے گرفتار ملزم کی نشاندہی پر لائنز ایریا میں کارروائی کرتے ہوئے اسکے ساتھی کو بھی گرفتار کرلیا ہے اور گرفتار ہونے والے دونوں ملزمان کا تعلق ایم کیو ایم لائنز ایریا سیکٹر سے ہے‘ گرفتار ہونے والے دونوں ملزمان سے حساس ادارے کے اہلکار تفتیش کررہے ہیں ، ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ شہید ہونے والا حساس ادارے کا اہلکار لکی اسٹار کے قریب سولجر لین میں رہائش پذیر تھا۔
تازہ ترین