• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران فارق قتل کیس، ملزم محسن کے فنگر پرنٹس اور ڈی این اے میچ کرگئے

اسلام آباد (اعزاز سید ) عمران فاروق قتل کیس میں مرکزی زیر حراست ملزم محسن علی کے فنگر پرنٹس اور ڈی این اے برطانوی اسکاٹ لینڈ یارڈ نے جائے وقوع سے حاصل ڈی این اے اور فنگر پرنٹس سے میچ کرلی ہے ۔ ذرائع وزارت داخلہ نےانکشاف کیا ہے کہ اس بارے میں پاکستانی حکام کو بھی مطلع کیا جاچکا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ برطانوی اسکاٹ لینڈ یارڈ نے اپنے پہلے دورہ پاکستان کے دوران ملزم محسن علی سے ملاقات کے موقع پر اسکی فنگر پرنٹس اور ڈی این اے سیمپل حاصل کیے تھے ۔ جو جائے وقوع سے حاصل کیے گئے ڈی این اے سیمپلز اور فنگر پرنٹس سے میچ کرگئے ہیں۔ جائے وقوع سے برطانوی اسکا ٹ لینڈ یارڈ پولیس کو ایک چھری اور دیگر ثبوت بھی ملے تھے ۔ یادرہے کہ ملزم محسن علی نے ایف آئی اے حکام کو اپنے بیان میں کہا تھا کہ اس نے اپنے ساتھی کامران کے ہمراہ عمران فاروق کو مارنے کے لیے حملہ ضرور کیا تھا تاہم اس نے عمران فاروق کو قابو کیا تھا چھریوں کے وار اس کے ساتھی کامران نے کیے تھے ۔ محسن علی کے ساتھی کامران کے بارے میں اسکا کہنا ہے کہ وہ افغانستان میں ہے۔ تاہم ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ملزم کامران قانون نافذکرنے والے ایک ادارے کی بظاہر غیرقانونی حراست میں جاں بحق ہوچکا ہے ۔ یاد رہے کہ عمران فاروق قتل کیس ایف آئی اے کے کاونٹر ٹیررازم ونگ میں درج ہے جس میں محسن علی کے ہمراہ دیگر دو زیر حراست ملزمان معظم علی اور خالد شمیم کے ناموں سمیت ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا نام بھی ملزمان کی فہرست میں شامل ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ اس کیس میں الطاف حسین کو اشتہاری بھی قرار دیا جاسکتا ہے۔
تازہ ترین