• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قبضے کی زمینوں پر قائم متحدہ کے 200 دفاتر گرانے کا فیصلہ، کارروائی تیز

کراچی(اسٹاف رپورٹر/ٹی وی رپورٹ) جیو ٹی وی کے مطابق پارکوں اور سرکاری زمینوں پر قائم ایم کیو ایم کے دفاتر کے خلاف ایکشن تیز کردیا گیا ہے،کراچی میں ایم کیو ایم کے218 دفاتر کو سیل کیا جا چکا ہے،قبضے کی زمینوں پر قائم متحدہ کے 200 دفاتر گرانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے ، جیو کے مطابق سیل دفاتر کے حوالے سے تیار کردہ پولیس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں ایم کیو ایم کے 35 سے زیادہ دفاتر سیل، 8 گرا دیئے گئے، ضلع وسطی میں 68، ساؤتھ میں 25 ، ملیر میں 15 ، ضلع ویسٹ میں37، ایسٹ میں 35اور کورنگی میں ایم کیو ایم کے38 دفاتر کو سیل کیا گیا ہے،اسٹاف رپورٹر کے مطابق کراچی میں ایم کیو ایم کے دفاتر کو سیل کرنے اورمسمارکرنے کا سلسلہ جمعہ کو بھی جاری رہا، اطلاعات کے مطابق اب تک کراچی میں 196 غیر قانونی دفاتر سیل،6 دفاتر مسمار کر دیئے گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ضلع وسطی میں 68 ، ضلع غربی میں 35 جبکہ ضلع ملیر میں 5 دفاتر پر سیکیورٹی اداروں نے تالا لگا دیا جبکہ ضلع ملیر میں 6 دفاتر مسمار بھی کر دیئے ۔ ضلع کورنگی میں 37 ، ضلع شرقی میں 31 ، ضلع جنوبی میں 9 اور اولڈ سٹی ایریا میں 6 دفاتر سیل کئے گئے ،جبکہ مزید 32 دفاتر کو جلد گرانے کیلئے متعلقہ تھانوں کو ہدایات جاری کردی گئیں،حکومتی ذرائع کے مطابق متحدہ کے 32 سیکٹر اور یونٹس آفس سرکاری اراضی پر قائم ہیں ۔جن میں اسکول، پارک اور واٹر بورڈ کی زمین پر قائم کیے گئے تھے ۔شاہ فیصل کالونی نمبر 2 میں ایم کیو ایم کے شاہ فیصل سیکٹر میں سیل جانے والے آفس میں مور، بطخیں اور مرغابیاں بھی بند ہوکر رہ گئیں جس سے انہیں دانہ پانی فراہم کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ان پرندوںکو کے ایم سی چڑیا گھر کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ،سکھن، سچل اور ایئرپورٹ تھانوں کی حدود میں بھی دفاتر گرادیئے گئے۔ پاکستان چوک یونٹ آفس سیل کردیا گیا، احسن آباد میں یونٹ آفس خالی کرا کر وہاں قومی پرچم لہرا دیا گیا۔ ملیرہالٹ طارق بن زیاد سوسائٹی میں ایم کیوایم کا یونٹ 104 گرا دیا گیا ۔ بھینس کالونی، سچل، ایئرپورٹ، طارق بن زیاد سوسائٹی، قائد آباد سمیت مختلف علاقوں میں بھی متحدہ کے دفاتر کو گرادیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کے شہر میں قائم دیگر غیر قانونی دفاتر بھی جلد سیل کر دیئے جائیں گے۔ یہ کارروائی گلشن اقبال، گلستان جوہر آباد، فیروزآباد اور نیو ٹاؤن میں کی جائے گی، پی آئی بی، سولجر بازار اور بریگیڈ تھانے کی حدود میں بھی متحدہ کے دفاتر غیرقانونی طور پر قائم ہیں۔بریگیڈ تھانے کی حدود میں 6، مبینہ ٹائون میں 4اور فیروز آباد میں3 دفاتر ہیں۔ علاوہ ازیں پاکستان چوک، ریلوے کالونی اور اللہ رکھا پارک کھارادر میں قائم ایم کیو ایم کے دفاتر کو بھی گرادیا گیا۔
تازہ ترین