• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کنور نوید،شاہد پاشا ، قمرمنصور و دیگر 39 ملزمان کے ریمانڈ میںمنگل تک توسیع

کراچی (اسٹاف رپورٹر) انسداددہشت گردی کی خصوصی عدالتوں کے منتظم جج نے پاکستان مخالف نعر ے لگانے، ریاست کیخلاف اکسانے،غداری، ٹیلی گراف ایکٹ سمیت سنگین نوعیت کے الزامات میں گرفتار متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماوں شاہد پاشا ، قمرمنصور ، کنور نوید جمیل سمیت 39ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 30اگست کیلئے توسیع کر دی ہے اور مقدمہ کے تفتیشی افسر کو ہدایت کی ہے کہ ملزمان کو 31اگست کو عدالت کے روبرو پیش کیا اور تفتیش میں پیش رفت سے متعلق رپورٹ بھی آئندہ سماعت پر پیش کی جائے۔ مذکورہ مقدمات میں متحدہ قائد، ڈاکٹر فاروق ستار ،عامر خان سمیت 15سو سے  2ہزار افراد کو فرار ظاہر کیا گیا ہے ۔جمعہ کو پولیس نے متحدہ رہنماوں شاہد پاشا، قمرمنصور، کنور نوید جمیل اور کارکنان ندیم ، ذوالفقار، نیاز، عرفان، محمد عامر سمیت 38ملزمان کو سخت سیکورٹی حصار میں انسداددہشت گردی کی خصوصی عدالتوں کے منتظم جج کے روبرو پیش کیا ۔ مقدمہ کے تفتیشی افسر نے ریمانڈ پیپر عدالت کے روبرو پیش کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ اب تک 5گواہوں کے بیانات قلمبند کر لیے ہیں اور مزید گواہوں کے بیانات قلمبند کیے جار ہے ہیں ۔جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں سے تصاویر ، برآمد شدہ موبائل فونز اور لیپ ٹاپ کو فرانسیک ٹیسٹ کے لیے لیب بھیجنا ہے ۔ ملزمان سے تفتیش کرکے آلہ قتل اور دیگر حساس دستایزات بھی برآمد کر نی ہے ۔لہٰذا ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 8ستمبر تک توسیع کی جائے۔ دوران سماعت ملزمان کی جانب سے بیرسٹر فروغ اے نسیم و دیگر نے دلائل دیئے جبکہ پرسیکویشن کی جانب سے پراسیکوٹر مظفر سولنگی اور رینجرز کے وکیل مشتاق جہانگیری نے دلائل دیئے ۔ ملزمان کے وکلا نے عدالت کو بتایا کہ کنورنوید جمیل، قمر منصور سمیت 6ملزمان سخت بیمار ہیں اور انہیں فوری طور پر طبی سہولت فراہم کرنا ضروری ہے جبکہ ملزمان کیخلاف مقدمات جھوٹے ہیں ۔ جبکہ پراسیکویشن کی جانب سے وکلا نے موقف اختیار کیا کہ یہ معاملہ انتہائی حساس ہے ، تفتیشی افسر نے مزید شواہد اکٹھے کرنا ہیں لہٰذا 2روزہ جسمانی ریمانڈ کے بجائے ایک ہفتے کیلئے توسیع کی جائے ۔اس موقع پر رینجرز کے وکیل نے دوروزہ جسمانی ریمانڈ کی مخالفت بھی کی۔ جسکے عدالت نے فیصلہ کچھ دیر میں جاری کر نے کا حکم دیااور بعدازاں عدالت نےاپنے فیصلہ میں ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 30اگست تک توسیع کا حکم دیا اور مقدمہ کے تفتیشی افسر کو ہدایت جاری کیں کہ ملزمان کو 31اگست کو عدالت کے روبر وپیش کیا جائے۔ اسکے علاوہ عدالت نے جناح اسپتال میں زیر علاج ملزم اسلم کو علاج کے بعد عدالت کے روبر وپیش کرنے کی ہدایت کی اور حکم دیا کہ جن ملزمان کی صحت سے متعلق وکلا نے درخواستیں دی ہیں انہیں بھی طبی سہولتیں فراہم کی جائیں ۔سماعت کے بعد ملزمان نے پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے ۔جبکہ قمر منصور کی طعبیت ناساز ہونے کے باعث انہیں سہارے کے ذریعے لایا گیا ۔استغاثہ کے مطابق ۔ استغاثہ کے مطابق ملزمان کیخلاف تھانہ آرٹلری میں پاکستان مخالف نعرے لگائے، ملک سے غداری کرنے،ٹیلی گراف ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے،نجی ٹی وی چینل پر حملہ کرنے کے الزام میں 2مقدمات درج ہیں جس میں متحدہ قائد ، ڈاکٹر فاروق ستار ،عامر خان سمیت 15سوسے 2ہزار افراد کو فرار ظاہر کیا گیا ہے۔
تازہ ترین