• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الفلاح میں فائرنگ‘دودھ فروش ہلاک پاک کالونی سے تشددزدہ لاش ملی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی کے علاقے الفلاح سوسائٹی میں موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے دودھ فروش جاں بحق ہوگیا جبکہ پاک کالونی سے 4 روز پرانی تشدد زدہ گولیوں سے چھلنی بلوچ نوجوان کی لاش ملی‘ تفصیلات کے مطابق الفلاح تھانے کی حدود الفلاح سوسائٹی میں واقع کراچی ڈیری فارم پر ایک موٹر سائیکل پر سوار دو مسلح ملزمان نے فائرنگ کردی اور موقع سے فرار ہوگئے ، فائرنگ کے نتیجے میں دکان کا مالک 40 سالہ محمد صادق ولد عبدالحمید سینے میں گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگیا‘ پولیس نے موقع پر پہنچ کر زخمی کو فوری طور پر جناح اسپتال پہنچایا جہاں وہ دوران علاج چل بسا، اس ضمن میں ایس ایچ او ذاکر اللہ کا کہنا ہے کہ پولیس نے جائے وقوعہ سے 30 بور پستول کا ایک خول اپنی تحویل میں لے لیا،مقتول ملت ٹاؤن کا رہائشی تھا ، پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ واقعہ بھتہ کا تنازع یا ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے ،دریں اثناءپاک کالونی کے علاقے ریکسر پل غریب نواز کالونی لیاری ندی سے تشدد زدہ گولیوں سے چھلنی 30 سالہ شخص کی لاش ملی ،پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کو نامعلوم ملزمان نے اغواءکرنے کے بعد بدترین تشدد کا نشانہ بنایا اور گولی مار کر قتل کردیا اور لاش کو مذکورہ مقام پر پھینک کر فرار ہوگئے ، مقتول کے پاس سے شناخت کی کوئی چیز نہیں ملی ہے ‘وہ شکل وصورت سے بلوچ معلوم ہوتا ہے‘ پولیس نے کارروائی کے بعد لاش سرد خانے میں رکھوادی ہے۔  
تازہ ترین