• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دفاتر مسمار کرنے سے بانی متحدہ کیلئے ہمدردیاں پیدا ہونگی، مصطفیٰ کمال

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا کہ میں حکومت اور اسٹیبلشمنٹ سے سوال کرتا ہوں کہ الطاف حسین نے پاکستان مخالف تقریر 22اگست کو کی تھی ان کے خلاف اب تک کیا ایکشن لیا گیا ہے، برطانیہ کی حکومت سے بات کرنے یا خط لکھنے سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا،دفاتر مسمار کرنے سے بانی متحدہ کیلئے ہمدردیاں پیدا ہونگی، وفاقی حکومت اور سندھ حکومت مہاجر عوام کو لاوارث نہ سمجھیں ہم ان کے وارث ہیں، کراچی اور سندھ کے شہروں میںجو نئی صورتحال پیدا ہوئی ہے اس کے حوالے سے ہم جلد عوامی رابطہ مہم کا آغاز کر رہے اور عوامی شکایات سننے کے بعد جلد آئندہ کا لائحہ عمل کا اعلان کریں گے فاروق ستار کا حال اور مستقبل دونوں نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے ہفتہ کے روز پاکستان ہائوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر رضا ہارون، وسیم آفتاب، افتخار عالم اور پی ایس پی کے دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ سید مصطفی کمال نے کہا کہ الطاف حسین جو خود ساختہ مہاجروں کے با بائے قوم بنے ہوئے تھے انھوں نے مہاجروں کو کس حال پر پہنچا دیا ہے کہ مہاجر خواتین جو سبزی لینے اپنے گھر سے باہر بھی نہیں نکلتی تھیں آج انھیں دہشت گردی کی عدالتوں میں پیش کیا جارہا ہے، الطاف حسین اور ا کے ساتھیوں نے پوری قوم کا بیڑا غرق کردیا ہے،خواتین کو گرفتار کیا جارہا ہے۔ مصطفی کمال نے کہا کہ جب الطاف حسین نے پاکستان مردہ باد کو نعرہ لگایا وہ صرف بانی نہیں ایم کیو ایم کے قائد بھی تھے، لندن اور پاکستان کی متحدہ کو الگ الگ نہیں کیا جاسکتا دونوں ایک ہی ہیں، ڈاکٹر فاروق  ستار قوم کو بیوقوف نہ بنائیں سچ بتائیں، الطاف حسین کو ایم کیو ایم سے الگ نہیں کیا جاسکتا اگر فاروق ستار الطاف حسین سے ایم کیو ایم پاکستان کی لاتعلقی کا کہہ رہے ہیں وہ نئی پارٹی بنالیں، فاروق ستار کا نہ کوئی مستقبل ہے نہ حال ہے،ایم کیو ایم کے مرکز کو سیل کرنے، الطاف حسین کی تصاویر شہر سے ہٹانے پر کوئی ردعمل نہیں آیا ہے وہ صرف ہماری وجہ سے ایسا ہوا ہے اب عوام کو سمجھ آگئی ہے اور کراچی کے لوگوں نے ہماری آواز پر لبیک کہا ہے۔ ڈاکٹر فاروق ستار تو اتنا سب کچھ ہونے کے بعد بھی الطاف حسین کو خوش کرنے میں لگے ہوئے ہیں، مہاجروں نے الطاف حسین کو مکمل طور پر مسترد کردیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ جب تک الطاف حسین زندہ ہے اسے ایم کیو ایم سے علحیدہ نہیں کیا جاسکتا، ڈاکٹر فاروق ستار عظیم احمد طارق اور ڈاکٹر عمران فاروق سے بڑے لیڈر نہیں ہیں الطاف حسین کو یہ بات اچھی طر ح سے معلوم تھی یہ دونوں افراد ان کی جگہ لے سکتے ہیں۔
تازہ ترین