• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ستمبر میں بڑا عوامی جلسہ کریں گے ۔ اب پہیہ الٹا گھومنے والا ہے, ڈاکٹر فاروق ستار

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ستمبر میں بڑا عوامی جلسہ کریں گے ۔ اب پہیہ الٹا گھومنے والا ہے اور جو لوگ ادھر ادھر گئے ہیں وہ جلد واپس ایم کیو ایم میں آجائیں گے۔میری ذمہ داریاں بڑھ رہی ہیں اور جھنجلاہٹ کا شکار کون ہے عوام دیکھ رہے ہیں لہذا ہم ٹینشن دینے والے ہیں لینے والے نہیں۔ ہمیں سیاسی سرگرمیوں سے نہ روکا جائے ،نائن زیرو فوری طور پر کھولا جائے۔ اتوار کو پی آئی بی کالونی میں اپنی رہائش گاہ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہاکہ ایم کیو ایم پاکستان کا ایک ایک کارکن اپنی جگہ موجود ہے جبکہ ستمبر میں بھرپور جلسہ کریں گے جس کے لیے تمام رہنماؤں اور عہدیداروں سمیت تمام کارکنوں کو عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رکن قومی اسمبلی آصف حسنین کے پارٹی چھوڑنے کا جواب ایک دو روز میں پریس کانفرنس میں دیں گے۔ زبردستی ہمارے لوگوں کو لے جایا جارہا ہے، پارٹی کارکن محمود کی جیل میں موت ہوئی ہے لہذا اب ہمارے ساتھ ظلم وستم کا سلسلہ بند ہوناچاہیے۔ڈاکٹر فاروق ستار نے کہاکہ ہم نے اپنا عارضی مرکز پی آئی بی کالونی میں ہی بنالیا ہے،میرے گھر کے ساتھ کچھ پڑوسیوں نے بھی اپنے گھر دیدیئے ہیں، کارکن پریشان تھے ہم نے راستہ تلاش کیا ہے ۔ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایک شخص کے بیان دینے سے کچھ نہیں ہوتا، ہم اپنی 38 سال کی محنت ضائع نہیں ہونے دیں گے، ہمارا آج بھی مطالبہ ہے نائن زیرو فورا کھولا جائے ۔ ہم نے کئی شعبوں کی میٹنگ کی ہیں، اب پہیہ الٹا چلے گا، مظلوم طبقہ ہمارے ساتھ ہے۔ ساتھیوں کو مجبور کیا جارہا ہے کہ وہ اپنی وفاداریاں تبدیل کریں۔کا ر کن اپنے درمیان اتحاد برقرار رکھیں۔
تازہ ترین