• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم نواز شریف آج سی پیک ۔سمٹ و ایکسپو میں تاریخ ساز اعلان کرینگے

اسلام آباد (حنیف خالد) وزیراعظم محمد نواز شریف آج سی پیک۔ سمٹ اینڈ ایکسپو(CPEC-SUMMIT AND EXPO) کا افتتاح کریں گے اس موقعہ پر پاکستان کے وزیراعظم ایک پالیسی بیان جاری کریں گے جسے آنے والے مورخ سنہری حروف سے لکھے گا۔ وزیراعظم پاک چائنا فرینڈ شپ سنٹر اسلام آباد میں سی پیک ۔اسمٹ اینڈ ایکسپو میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گے۔ اس کا اہتمام و انصرام وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقیاتی و اصلاحات احسن اقبال نے چینی سفیر اور ان کی حکومت کے اشتراک عمل سے کیا ہے۔ وزیراعظم اپنی تاریخ ساز تقریرمیں پاک چین پرائیویٹ سیکٹر کو چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور کے 46 ارب ڈالر پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل اور گروتھ کا انجن پرائیویٹ سیکٹر کو قرار دیں گے۔ چین کے نجی شعبے کی کمپنیوں کے ایک سو سے زائد چیف ایگزیکٹو  آفیسرز سی پیک۔ اسمٹ اینڈ ایکسپو میں شرکت کیلئے اتوار کی شب وفاقی دارالحکومت پہنچ گئے ہیں، جبکہ فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عبدا لرئو ف عالم سینئر نائب صدر سمیت ایف بی سی سی آئی کے دوسرے عہدیدار، ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز پاکستان بزنس کونسل اوورسیز انوسٹرز چیمبرز، سارک چیمبر آف کامرس کے سینئر نائب صدر افتخار علی ملک ، قومی ٹریڈ آرگنائزیشنوں کے سربراہان پرا ئیو یٹ سیکٹر کے سوا سو سے زائد عہدیداراسلام آباد میں اتوار کی شب اس سی پیک اسمٹ اینڈ ایکسپو کے بارے میں اہم اجلاس منعقد کیا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف اپنے کلیدی خطاب میں اپنی حکومت اور پاکستانی قوم کے اس عزم کا اعلان کریں گے جو اس نے سی پیک میں شامل 36 ارب ڈالر کے توانائی کے پروجیکٹوں کو بروقت مکمل کرنے کیلئے کر رکھا ہے۔ وزیراعظم اعلان کریں گے کہ سی پیک کا مغربی روٹ جو گوادر سے بلوچستان اور صوبہ کے پی کے سے گزرتا ہوا  شاہراہ ریشم کو ملائے گا اسے پاکستان ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرے گا ،جبکہ مشرقی روٹ جو گوادر ، رتو ڈیرو سندھ پنجاب سے ہوتا ہوا حسن ابدال حویلیاں ایبٹ آباد، مانسہرہ، بشام ، پٹن، گلگت  سے ہوتا ہوا خنجراب تک جائے گا کو بھی ساتھ ساتھ مکمل کرنے کا اعلان کریں گے۔ آٹھ ارب ڈالر کے مواصلات، انفارمیشن ٹیکنا لو جی حویلیاں سے خنجراب تک شاہراہ پشاور سے کراچی تک 160 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ریل گاڑیاں چلانے کی استعداد پیدا کرنے، ونڈ انرجی،  سولر انرجی، کول انرجی نئے جدید ترین گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ، گوادر کوسٹل ہائی وے سے ملانے وزیراعظم محمد نواز شریف وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقیات اصلاحات احسن اقبال  سی پیک ۔ اسمٹ اینڈ ایکسپو میں سی پیک کے 46 ارب ڈالر  مالیتی زیر تکمیل  پروجیکٹوں کی پرا گرس سے نجی شعبے کے سرمایہ کاروں کو آگاہ کریں گے جن میں ایگزم بنک آف چائنا، ایشیائی انفراسٹرکچر انوسٹمنٹ بنک، چینی کمپنیوں کے سربراہ شامل ہونگے  وہ بتائیں گے کہ چین کا نجی شعبہ  پشاور سے کراچی مین ریلوے لائن ون کے دونوں طرف باڑ لگائے گا۔ پورے روٹ پر جدید ریلوے اسٹیشن ہونگے ۔ جدید انجن مسافر بوگیاں کارگو ٹرین ڈیڑھ سو کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلا کرے گی۔ ریلوے کا یہ سب سے بڑا  پاکستانی پرو جیکٹ چین 2020 تک مکمل کرے گا۔ ریلوے پروجیکٹ کی چین اور پاکستان کے حکام نے فیزیبلٹی رپورٹ تیار کر لی ہے۔ فنانسنگ پر بات جاری ہے۔ اس سال اس پروجیکٹ پر کام شروع ہو جائے گا۔ چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور کے ایم او یو پر جولائی 2013 میں وزیراعظم نواز شریف کی طرف سے وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقیات اصلاحات احسن اقبال نے دستخط کئے۔ اسی سال 27 اگست کو پاک چین جائنٹ کوآپریشن کمیٹی کی میٹنگ اسلام آباد میں ہوئی جس کی صدارت مشترکہ طور پر احسن اقبال اور نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارمز کمیشن آپ چائنا کے وائس چیئرمین نے کی اب تک جے سی سی کے پانچ اجلاس ہو چکے ہیں۔ آج پاک چین جائنٹ کوآپریشن کمیٹی کی تیسری سالگرہ ہے۔ ستمبر 2014 میں چین کے صدر شی چن پنگ پاکستان آنے والے تھے مگر عمران خان، طاہر القادری کے دھرنے کی وجہ سے چین کے صدر کا یہ دورہ ملتوی ہوا اور پھر 20 اپریل 2015 کو چین کے صدر شی چن پنگ اسلام آباد کے تاریخی دورے پر آ گئے۔ دورے کے دوران دونوں ملکوں کے مابین چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور کے کئی درجن  پروجیکٹوں پر دستخط کئے گئے۔ 46 ارب کے سی پیک پروجیکٹ چین کے بنکوں پرائیویٹ سیکٹر کی کمپنیوں، ایگزم بنک، ایشیائی انفراسٹرکچر انوسٹمنٹ بنک کی سرمایہ کاری سے بن رہے ہیں۔ یہ رقم پاکستان کے اوپر قرضہ نہیں ہے۔ آج اسمٹ کو بتایا جائے گا کہ بہاولپور میں قائداعظم سولر  پاور پروجیکٹ 300میگا واٹ  بجلی 2017 تک پیدا کرنے لگے گا جس کی ٹسٹنگ ہو رہی ہے۔ سندھ کے ضلع ٹھٹھہ میں ونڈ پارک پروجیکٹ 2017 تک 200 میگا واٹ پون بجلی پیدا کرنے لگیں گے۔  وہاں ایک پروجیکٹ 100 اور دو پروجیکٹ پچاس ، پچاس میگا واٹ کے ہونگے۔ دسمبر 2017 تک پورٹ قاسم میں 1320 میگا واٹ کا کول پاور پروجیکٹ بجلی پیدا کرنا شروع کرے گا۔ ساھیوال کول پاور پروجیکٹ بھی دسمبر 2017 تک 1320 میگا واٹ بجلی کی پیداوار شروع کرے گا۔ تھر کے کوئلے سے 650 میگا واٹ بجلی دسمبر 2017 میں پیدا ہونے لگے گی۔ اس سے اگلے سال 650 میگا واٹ کول بجلی بننے لگی گی جس کا سرمایہ نجی شعبہ دے رہا ہے۔ کانفرنس میں بتایا جائے گا کہ حویلیاں سے تھاکوٹ تک شاہراہ ریشم جو 120 کلومیٹر طویل ہے کو جدید اور چوڑا کیا جا رہا ہے۔ مانسہرہ حویلیاں شاہراہ چار لین بن رہی ہے۔ مانسہرہ سے آگے شاہراہ ریشم دو رویہ مگر عالمی معیار کی بن رہی ہے۔ پشاور کراچی موٹر وے  پر کام جاری ہے۔ ملتان سے سکھر 392 کلومیٹر موٹر وے پر کام جاری ہے یہ پروجیکٹ 2018 میں مکمل ہو جائے گا۔ مغربی روٹ برہان سے ڈی آئی خان تک جولائی 2018 تک مکمل ہوگا۔ ڈی آئی خان ژوب کوئٹہ سوراب شاہراہ چار رویہ بن رہی ہے۔ سوراب سےہوشابہ تک شاہراہ کا آئندہ دسمبر میں وزیراعظم نواز شریف افتتاح کریں گے۔ ہوشابہ سے گوادر تک  کی انتہائی خطرناک سڑک کا افتتاح وزیراعظم نوا شریف  اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سال رواں کے آغاز میں کر چکے ہیں۔ سی پیک کی حفاظتی فورس15 ہزار ریٹائرڈ حاضر سروس فوجیوں، رینجرز، ایف سے بنائی گئی ہے۔ گوادر پورٹ سے کوسٹل ہائی وے اور گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تعمیر فوری شروع کی جا رہی ہے۔ گوادر کو ریل کے ذریعے قومی ریلوے سسٹم سے ملانے کا کام شروع ہے۔ سی پیک ۔ اسمٹ ایکسپو کے آخر میں مشترکہ اعلامیہ آج شام جاری کر دیا جائے گا۔ 
تازہ ترین