• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک فوج دہشتگردوں سے لڑنے کی بھرپور طاقت رکھتی ہے ، ایرانی صدر

تہران (نیوز ایجنسیز ) ایرا ن کے صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ایران اور پاکستان کے درمیان قریبی تعلقات سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید بہتر بنانے کے مواقع میسر آئیں گے، باہمی معاہدوں پر عملدرآمد سے اقتصادی تعاون کو بھی مزید فروغ ملے گا ، پاکستان اور ایران کے درمیان انسداد دہشتگردی کیلئے تعاون کی ضرورت ہے ، پاکستانی فوج دہشت گردوں سے لڑنے کی بھرپور طاقت رکھتی ہے ۔ تفصیلات کےمطابق ایران کیلئے پاکستانی سفیر آصف علی خان درانی نے ایرانی صدر حسن روحانی کو اپنے اسناد سفارت پیش کئے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایرانی صدر نے دونوں ممالک کے در میا ن دستخط شدہ معاہدوں پر عمل درآمد کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ان معاہدوں پر عمل درآمد سے تہران اور اسلام آباد اقتصادی تعاون کو مزید بڑھانے کے قابل ہو جائیں گے۔ پاکستانی سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے ایرانی صدر نے پاکستانی عوام اور حکومت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ایرانی صدر نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کے دور حکومت کے دوران پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔حسن روحانی نے کہا کہ دہشتگردی کی سرگرمیوں کا کسی بھی اسلامی، اخلاقی یا انسانی اصولوں سے کوئی واسطہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد گروپوں کے خلاف جنگ ایک آسان کام نہیں ہے لیکن ہمیں پختہ یقین ہے کہ پاکستانی فوج اورسکیورٹی فورسز میں دہشت گردوں سے لڑنے کے لئے بھرپور عزم اور طاقت موجود ہے۔ ایران کے صدر حسن روحانی نے سرحدوں پر اور خطے میں سیکورٹی فراہم کرنے کے لئے پاکستان کے ساتھ قریبی مشترکہ تعاون پر زور دیا۔ پاکستانی سفیر آصف علی خان درانی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ سمیت تمام شعبوں میں ایران کے ساتھ تعاون کو وسعت دینے کیلئے پاکستان کی مکمل آمادگی کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ تہران اور اسلام آباد نے ہر مشکل وقت میں ساتھ دیا ہے اور اب بھی دونوں ممالک تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو سیاسی تعلقات کی سطح پر بہتر بنانے  کے خواہاں ہیں۔
تازہ ترین