• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیر کیلئے پارلیمانی وفد سیاسی رکھا جائے ،وزیراعظم

اسلام آباد (صالح ظافر) وزیراعظم نوا ز شریف نے ان ممالک کی فہرست میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جہاں سفارت کاروں کو بھیج کر مسئلہ کشمیر اور بھارت کے مظالم کو اجاگر کیا جائے گا۔ پارلیمانی گروپس سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ کو اگلے مرحلے میں شامل کیا جائے گا اور اس بات کا امکان  ہے کہ نئی فہرست رواں ہفتے جاری کر دی جائے گی۔ جن ملکوں میں خصوصی سفارت کا ر و ں کو بھیجا جائے گا ان ممالک میں پاکستانی سفارت خانوں سے کہا جا رہا ہے کہ وہ ان سفارتکاروں کے ساتھ رابطے میں رہیں۔ سفارتی ذرائع نے دی نیوز کو بتایا ہے کہ وزیراعظم نے متعلقہ حکام سے کہا ہے کہ چونکہ مسئلہ کشمیر کسی ایک مخصوص جماعت سے تعلق نہیں رکھتا لہٰذا اسے غیر سیاسی رکھا جائے۔ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے مختلف گروپس کے ساتھ رابطے قائم کر لیے ہیں اور خصوصی سفارت کاروں کے حوالے سے نامز د گیاں حاصل کر رہے ہیں۔ ملک کے مختلف حلقوں کی جانب سے اس خیال کی تعریف کی گئی  ہے تاہم بھارت کی جانب سے ناراضی کا اظہار کیا گیا ہے اور اتوار کو دوسرے دن بھی تنقید کا سلسلہ جاری رہا۔ وزیراعظم ہائوس کے ذرائع کے مطابق پاکستان نے بھارتی تنقید کو مسترد کر دیا ہے اور کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کے ساتھ کیے گئے عزم پر قائم ہے۔
تازہ ترین