• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
ملک بھر میں گزشتہ دو روز سے موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ کراچی میں شدید بارشوں کی وجہ سے متعدد علاقے زیر آب آگئے، ائیر پورٹ کے علاقے میں بارش کی وجہ سے پروازیں بھی متاثر ہوئیں جبکہ لاہور میں موسلادھار بارشوں کی وجہ سے سارا شہر جل تھل ہوگیا ۔ مختلف حادثات میں چارافراد جان بحق ہوگئے ۔ کراچی میں بھی تین اموات کی اطلاع ملی ہے۔ پنجاب، سندھ کے علاوہ آزاد کشمیر میں بھی تاحال شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ بارشوں کا یہ سلسلہ آئندہ 24گھنٹے جاری رہے گا۔ لاہور میں بھی پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا ہے اور نکاسی آب کا نظام موثر نہ ہونے کی وجہ سے کئی علاقے تین تین فٹ پانی میں ڈوب گئے۔ اتوار کو بھی کراچی میں تیز ہوائوں کے ساتھ موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری رہا جس کی وجہ سے شہر میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی۔ ہفتہ کو وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ہیلی کاپٹر میں متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور پانی کے نکاس کی نہ صرف ہدایت کی بلکہ کارروائی کا معائنہ بھی کیا۔ پنجاب کے و زیر اعلیٰ میاں شہباز شریف جو ترکی کے دورہ پر ہیں،نے وہاں سے صورتحال کا سختی سے نوٹس لیا ہے اور فوری کارروائی کی ہدایت کی ہے۔ کراچی اور لاہور میں نکاسی آب کا نظام بالکل ازکار رفتہ اور غیر موثر ہوگیا ہے۔ ضرورت ہے کہ اس حوالے سے فوری اور ایسے ضروری اقدام کئے جائیں کہ بارش کا پانی سڑکوں پر کھڑا نہ ہو سکےا ور بجلی کی فراہمی ہر صورت جاری رکھی جاسکے۔ لاہور میں گزشتہ روز مختلف علاقوں میں39فیڈر ڈرپ کرگئے۔ کراچی میں بھی ایسی ہی صورتحال کا سامنا تھا اب جبکہ مزید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے تو ہر ممکن حفاظتی اقدامات کئے جانے چاہئیں۔

.
تازہ ترین