• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیف جسٹس سے مشاورت نہیں کی گئی، سندھ بھر کے بلدیاتی نمائندوں سے ججز حلف نہیں لے سکیں گے

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ بھر کے بلدیاتی اداروں کے میئرز ،چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین کی آج ہونے والی حلف برادری کی تقریبات میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز حلف نہیں لے سکیں گے ۔ کیونکہ الیکشن کمیشن نے سیشن ججز کو مقرر کرنے سے قبل سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سے مشاورت ہی نہیں کی۔ مصدقہ ذرائع کے مطابق نئی جوڈیشل پالیسی کمیٹی نے فیصلہ کررکھا ہے کہ جوڈیشل افسران انتخابات یا انتخابی مراحل کے امور میں حصہ نہیں لیں گے ۔ تاہم الیکشن کمیشن نے خود ہی سے سیشن ججز کو حلف لینے کے لیے مقرر کر دیاجس میں کہاگیا ہے کہ سیشن ججز عوامی نمائندوں سے حلف لیں، الیکشن کمیشن کے اس فیصلے کا انکشاف اس وقت ہوا جب ڈسڑکٹ اینڈ سیشن جج شرقی فہیم احمد صدیقی نے الیکشن کمیشن سے رابطہ کیا اور معلومات چاہیں تو پتہ چلا کہ الیکشن کمیشن نے اس حوالے سے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس سجا دعلی شاہ سے کوئی مشاورت ہی نہیں کی جس کے بعد سیشن جج فہیم احمد صدیقی نے حلف برادری کی تقریب میں شرکت سے انکار کر دیا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جب یہ اطلاعات سندھ ہائی کورٹ تک پہنچی تو سندھ ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کے نوٹی فکیشن پر اظہار برہمی کیا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے تمام سیشن ججوں کو بلدیاتی اداروں کے سربراہان سے حلف لینے سے روک دیا ہے ۔
تازہ ترین