• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاناما لیکس امتحان بن چکا ، ہم اداروں کو ٹیسٹ کر رہے ہیں، عمران خان

لاہور(نمائندہ جنگ) پاکستان  تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پاناما لیکس امتحان بن چکا ، ہم اداروں کو ٹیسٹ کر رہے ہیں، بیرون ملک کے سفارشی وزیراعظم کو نہیں بچاسکتے عوام نے فیصلہ کر لیا، پاناما لیکس پر نیب اور ایف بی آر ناکام ہوچکے، وزیراعظم نے اپنی کرپشن چھپانے کیلئے تمام ریاستی اداروں کو تباہ کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بوریوالہ میں جلسےسے خطاب اور بنی گالہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ شریف خاندان کی باد شا ہت میں میرٹ نہیں اقتدار کیلئے نام کے آگے شریف لگا ہونا چاہئے، 3ستمبر کو گو نواز گو ہو جائے گا، بیرون ملک کے سفارشی نواز شریف کو نہیں بجا سکتے عوام نے فیصلہ کر لیا۔انہوں نے کہا کہ ملک کا سربراہ جب کرپٹ ہوتا ہے تو وہ تمام اداروں کو تباہ کر کے کرپشن کرتا ہے، جس ملک کا سربراہ چور اور ڈاکو ہو اس ملک نے کبھی ترقی نہیں کی، فیصلہ کن گھڑی آگئی ہے نوجوانوں کو اپنے مستقبل کے لیے باہر نکلنا ہوگا۔قبل ازیں  بنی گالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےعمران خان نے کہا کہ وزیر اعظم نے منی لانڈرنگ کی جس کے تمام ثبوت سپریم کورٹ میں فراہم کریں گے ، پاناما لیکس پاکستان میں اداروں کیلئے ایک امتحان بن چکا ہے اور ہم اداروں کو ٹیسٹ کر رہے ہیں، سپریم کورٹ میں بھی وزیر اعظم کی نااہلی کیلئے پٹیشن دائر کردی ہے جہاں ہم تمام ثبوت دیں گے، وزیراعظم نے پارلیمنٹ میں آکر جھوٹ بولا، وہ اپنی کرپشن چھپانے کے لئے ملک کے تمام اداروں کو تباہ کر رہے ہیں، ملک میں پھیلی کرپشن کی وجہ سے اداروں کی تباہی پر آواز بلند کرنا ان کا حق بھی ہے اور فرض بھی۔ دریں اثناء عمران خان نے طاہر القادری سے فون پر بات چیت کی اور انکی خیریت دیافت کی۔ دونوں رہنمائوں نے احتجاجی تحریک اور ملکی حالات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنمائوں نے پانامہ لیکس کی کرپشن اور سانحہ ماڈل ٹائون کے انصاف کی جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچانے کا عزم کیا، عمران خان نےطاہر القادری کو 3ستمبر کے پاکستان مارچ میں شرکت کی دعوت دی ہے جبکہ طاہر القادری نے بھی عمران خان کو 3ستمبر راولپنڈی کے احتجاجی دھرنے میں شرکت کی دعوت دی جو دونوں طرف سے قبول کی گئی۔
تازہ ترین