• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رجسٹرار سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کی درخواست غیرضروری قراردیدی، اپیل کریں گے، پی ٹی آئی

اسلام آباد (نمائندہ جنگ،ٹی وی رپورٹ) سپریم کورٹ نے نواز شریف کی نااہلی سے متعلق عمران خان کی درخواست اعتراض لگا کر واپس کردی۔ جبکہ تحریک انصاف نے وزیر اعظم کی نااہلی کیلئے دائر کردہ پٹیشن پر رجسٹرار سپریم کورٹ کے اعتراضات کیخلاف عدالت عظمیٰ میں ہی اپیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے وزیر اعظم نواز شریف، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور رکن قومی اسمبلی کیپٹن ریٹائرڈ صفدرکی عوامی عہدےکیلئے نااہلیت کے حوالے سے دائر درخواست کو غیر ضروری اور غیرسنجیدہ قرار دیکر واپس کردی اور انہیں مناسب فورم سے رجوع کرنے کا مشورہ دیا ہے۔سپریم کورٹ رجسٹرار آفس نے درخواست کو غیر سنجیدہ اور ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے 5اعتراضات لگا کر واپس کر دی۔تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے وزیر اعظم نواز شریف، اسحاق ڈار اور کیپٹن صفدر کی نا اہلی کیلئے پیر اپنے وکیل نعیم بخاری کے ذریعے آئینی درخواست دائر کی تھی۔سپریم کورٹ رجسٹرار آفس نے آئینی درخواست واپس کرتے ہوئے پانچ اعتراضات لگائے۔ پہلا اعتراض ہے کہ درخواست گزار عمران خان نے شکایت کے ازالے کیلئے ہائی کورٹ سے رجوع نہیں کیا ۔ دوسرا اعتراض ہے کہ درخواست گزار نے کسی متعلقہ فورم سے رجوع نہ کرنے کی وجہ بھی نہیں بتائی ۔تیسرا اعتراض ہے کہ درخواست کے ساتھ صفحہ 26اے پر لگایا گیا سرٹیفیکیٹ سپریم کورٹ رولز کے مطابق نہیں۔ چوتھا اعتراض ہے کہ درخواست بادی النظر میں سپریم کورٹ رولز کے تحت غیر سنجیدہ اور نا قابل سماعت ہے۔ پانچواں اور آخری اعتراض یہ ہے کہ آئین کے آرٹیکل 184تین کے تحت براہ راست دائر ایسی درخواست پر سپریم کورٹ کا ذوالفقار مہدی بنام پی آئے اے فیصلہ قدغن عائد کرتا ہے۔ تحریک انصاف کے رہنما مرکزی وکیل حامد خان نے جیو نیوز کوبتایاہےکہ رجسٹرار آفس کے ان اعتر ا ضا ت کے خلاف چیمبر اپیل دائر کی جائےگی ۔دوسری جانب تحریک انصاف نے وزیر اعظم کی نااہلی کیلئے دائر کردہ پٹیشن پر رجسٹرار سپریم کورٹ کے اعتراضات کے خلاف عدالت عظمیٰ میں ہی اپیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات انصاف نعیم الحق نے کہا ہے کہ حامد خان کی سربراہی میں تحریک انصاف کی قانونی ماہرین کی ٹیم نے اپیل کی تیاری شروع کردی ہے۔ پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم سپریم کورٹ میں رجسٹرار کے پٹیشن پر اٹھائے گئے اعتراضات کو دور کریگی اور آئندہ چند روز میں درخواست دائر کر دی جائے گی۔
تازہ ترین