• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بنچ نے پیر کے روز 16 دہشت گردوں کو فوجی عدالتوں کی جانب سے دی جانے والی سزائے موت کے خلاف دائر کردہ اپیلوں کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوجی عدالتوں نے شفاف ٹرائل کے تمام تقاضے پورے کئے ہیں۔ فوجی عدالتوں میں چلائے جانے والے مقدمات کی قانونی حیثیت کے بارے میں عدالت عظمیٰ کی اعلیٰ ترین سطح پر کیا جانے والا یہ پہلا فیصلہ ہے جو غیرمعمولی حالات میں عمومی طریق کارسے ہٹ کر دہشت گردی ایسے سنگین جرائم کے خاتمے کے لئے ہنگامی اور فوری اقدامات کا صرف جواز ہی فراہم نہیں کرتا بلکہ انہیں ضروری قرار دیتا ہے اور یہ صرف پاکستان ہی میں نہیں ہورہا بلکہ دنیا بھر کے تمام جمہوری ممالک بھی اسی طریق کار کو اختیار کرتے ہیں امریکہ گوانتاناموبے میں جو کچھ کررہا ہے وہ بھی یہی ہنگامی طرز عمل ہے۔ تاہم جونہی ان حالات میں مثبت تبدیلی آئے گی تو اس نوع کے سارے مقدمات معمول کے مطابق سول عدالتوں میں چلائے جائیں گے۔ عدالت عظمیٰ نے اپنے 182 صفحات پر مشتمل فیصلے میں فوجی عدالتوں سے دہشت گردی کے مجرموں کو دی جانے والی سزائوں کے حوالے سے یہ بھی لکھا ہے کہ ریکارڈ سے معلوم ہوتا ہے کہ عدالتوں میں مقدمات کی سماعت کے دوران عدالت کے کسی جج کی کسی ملزم کے ساتھ ذاتی دشمنی کی بنا پر کسی تعصب کے مظاہرے کے کوئی شواہد عدالت کے سامنے نہیں لائے گئے۔ عدالت عظمیٰ کی جانب سے کیا جانے والا یہ فیصلہ وطن عزیز سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے کی جانے والی کوششوں میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے کیونکہ اس نے فوجی عدالتوں کے قیام کی نہ صرف قانونی حیثیت بلکہ ان میں چلائے جانے والے مقدمات کی شفافیت کی بھی توثیق کی ہے۔ توقع کی جانی چاہئے کہ اس فیصلے کے بعد ملک میں دہشت گردوں ان کے سرپرستوں اور سہولت کاروں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچانے کے عمل میں تیزی آئیگی اور انصاف کا بول بالا ہوگا۔
.
تازہ ترین