• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ کے دیہی اور شہری علاقوں میں دوریوں کی بڑی وجہ کوٹہ سسٹم ہے، تجزیہ کار

کراچی (ٹی وی رپورٹ) سینئر تجزیہ کار وں نے کہا ہے کہ سندھ میں قانونی اور آئینی طور پر اس وقت کوٹہ سسٹم موجود نہیں ہے، سندھ کے دیہی اور شہری علاقوں میں دوریوں کی ایک بڑی وجہ کوٹہ سسٹم ہے، سندھ میں کوٹہ سسٹم کا بھی غلط استعمال ہوتا رہا ہے، کراچی میں ایم کیو ایم کے بڑھنے کی وجہ کوٹہ سسٹم اور اس کی وجہ سے ہونے والی زیادتیاں ہیں،کوٹہ سسٹم سپورٹ کی آڑ میں نااہلی کو پروموٹ کرنے کے مترادف ہے،دنیا بھر میں بنتے نئے اتحادوں کی وجہ سے ہماری خارجہ پالیسی کیلئے بڑے چیلنجز کھڑے ہوگئے ہیں ،اگر ہم اپنے گھر کو ٹھیک کرلیں تو بیرونی سازشیں کامیاب نہیں ہوگی بلکہ ہمیں مواقع دستیاب ہوں گے، پاکستان کیلئے وہی اتحاد فائدہ مند ہوگا جو ہماری ترجیحات کے مطابق بنے گا، اگر انڈیا اور امریکا کا نیا اتحاد بن رہا ہے تو پاکستان کے بھی نئے اتحاد بن رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار سلیم صافی، مظہر عباس، امتیاز عالم، بابر ستار اور حسن نثار نے جیو کے منفرد پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان رابعہ انعم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میزبان کے پہلے سوال کوٹہ سسٹم ہی سندھ میں دیہی اور شہری علاقو ں میں دو ریوں کی بنیادی وجہ ہے؟ کا جواب دیتے ہوئے بابر ستار نے کہا کہ قانونی اور آئینی طور پر اس وقت کوٹہ سسٹم موجود نہیں ہے، کوٹہ سسٹم مزید بیس سال بڑھانے کیلئے آئینی ترمیم ابھی تک منظور نہیں ہوئی ہے، سندھ کے دیہی اور شہری علاقوں میں دوریوں کی ایک وجہ کوٹہ سسٹم بھی ہے، کراچی کے بہت سے سرکاری اداروں میں سندھی بولنے والوں کی تعداد زیادہ ہے، میرٹ کے بجائے نسلی بنیادوں پر نوکریاں دینا ایک حقیقت ہے۔مظہر عباس کا کہنا تھا کہ سندھ کے دیہی اور شہری علاقوں میں دوریوں کی ایک بڑی وجہ کوٹہ سسٹم ہے، سندھ میں کوٹہ سسٹم کا قانون 2013ء میں ختم ہوچکا ہے سعید غنی نے بھی مانا ہے سندھ حکومت کے اشتہارات میں کوٹہ سسٹم کا ذکر غیرآئینی ہیں، سندھ میں کوٹہ سسٹم کا بھی غلط استعمال ہوتا رہا ہے، شہر میں رہنے والا جاگیردار بھی اپنے بچوں اور رشتہ داروں کو دیہی ڈومیسائل پر نوکریاں دیتا تھا۔سلیم صافی نے کہا کہ حکومتیں بھی کوٹہ سسٹم کے تحت بنی ہیں اسی لئے ملک میں کوٹہ سسٹم رائج ہے، مسلم لیگ ن میں حکمرانی کا کوٹہ شریف فیملی کو جبکہ پیپلز پارٹی میں زرداری فیملی کو الاٹ ہوا ہے، اگر سیاسی جماعتوں کی قیادت میرٹ پر منتخب ہوتی تو شاید یہ صورتحال نہ ہوتی،کوٹہ سسٹم غیراخلاقی، غیر قانونی اور غیر اسلامی ہے، کوٹہ سسٹم نے سندھ میں کوئی مسئلہ تو حل نہیں کیا لیکن بہت سے مسائل کو جنم ضرور دیا ہے، کراچی میں ایم کیو ایم جیسی قوتوں کے بڑھنے کی وجہ کوٹہ سسٹم اور اس کی وجہ سے ہونے والی زیادتیاں ہیں۔حسن نثار کا کہنا تھا کہ کوٹہ سسٹم غیرقانونی، غیر اسلامی اور غیراصولی ہے، کوٹہ سسٹم سپورٹ کی آڑ میں نااہلی کو پروموٹ کرنے کے مترادف ہے۔امتیاز عالم نے کہا کہ کوٹہ سسٹم کی مخالفت کر کے پنجابی اور مہاجر اپنی مضبوط پوزیشن قائم رکھنا چاہتے ہیں، سندھ کے شہری اور دیہی علاقوں میں دوریوں کی وجہ کوٹہ سسٹم نہیں ہے۔ دوسرے سوال خطے میں بنتے نئے اتحاد پاکستان کے لئے فائدہ مند ہوں گے یا نقصان دہ ہوں گے؟ حسن نثار نے کہا کہ امریکا نے آج تک پاکستان کی جتنی مدد کی ہے اس سے تو ایک ملک خریدا جاسکتا تھا، مختلف ممالک کے درمیان اتحاد بنتے اور بگڑتے رہتے ہیں اصل بات یہ ہے کہ ہم اپنے ساتھ کیا کررہے ہیں۔
تازہ ترین