اسلام آباد ( نمائندہ جنگ، ایجنسیاں ) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس کے معاملے پر سپریم کورٹ ازخود نوٹس لے، کرپٹ عناصر کو پکڑنا اداروں کی ذمہ داری ہے مگر وہ ایسے لوگوں کو تحفظ دینے میں مصروف ہیں،عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں روکے کیونکہ ظلم و تشدد کے ذریعے لوگوں کی وفاداریاں نہیں خریدی جاسکتیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر اپنے ایک بیان میں کیا۔عمران خان نے کہا کہ ملک میں صرف کمزور اور غریبوں کو جیل میں ڈالا جاتا ہے اور بڑے مگرمچھ آزاد پھر رہے ہیں ۔ دریں اثناء عمران خان نے اپنے ایک بیان میں مقبوضہ کشمیرمیں جاری بھارتی بربریت کے حوا لے سے کہا کہ اقوام متحدہ کی رکن ریاستیں کشمیر پر کئے گئے وعدوں کو پورا اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اپنی قراردادوں پرعملدرآمد کرائے۔