• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹی ٹوئنٹی، پاکستان نے عالمی چیمپین ویسٹ انڈیز کو صحرا میں دھول چٹا دی، سیریز جیت لی

دبئی(جنگ نیوز)سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستانی کرکٹ ٹیم نے پہلی ہی سیریز جیت کر سب کو حیران کردیا۔اور عالمی چیمپین ویسٹ انڈیز کو صحرا میں دھول چٹا دی۔اور اپنی کارکردگی سے چھکے چھڑا دیئے۔سرفراز احمد نے کمال بیٹنگ سے پاکستان کو بڑا اسکور بنانے میں مدد دی پھر مشکل وکٹ پر بولروں نے ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کا غرور خاک میں ملا دیا۔پاکستان نے ہفتے کی شب دوسرے ٹی ٹوئینٹی میں ویسٹ انڈیز کو 16رنز دے آوٹ کلاس کردیا اور سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔آخری میچ منگل کو ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔پاکستان نے سرفراز احمد کی قیادت میں تین ہفتےمیں مسلسل تیسرا ٹی ٹوئینٹی جیتا ہے۔سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ جیت ٹیم اسپرٹ اور مسلسل محنت کا نتیجہ ہے۔سرفراز احمد کی ذمے دارانہ بیٹنگ کے بعد سہیل تنویر نے13رنز دے کر تین وکٹ حاصل کئے۔حسن علی نے تین وکٹ حاصل کرنے کےلئے49رنز دیئے۔وہاب ریاض نے 42رنز دے کر ایک وکٹ لی۔عمر اکمل نے تین کیچ لئےہفتے کی شب دبئی میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئےچار وکٹ پر160رنز بنائے تھے۔جواب میں ویسٹ انڈیز نے بیس اوورز میں 9وکٹ پر144رنز بنائے۔سنیل نارائن30رنز بناکر آوٹ ہوئے۔تاہم سرفراز احمد نے دھوکا نہ دینے کی روایت برقرار رکھی۔ اننگز کے آغاز میں حسن علی نے سہیل تنویر کی گیند پر جانسن چارلس کا آسان کیچ ڈراپ کیا۔اگلے ہی اوور میں وہ عماد وسیم کی گیند پر عمر اکمل کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔طدوسری وکٹ 15 کے مجموعی ا سکور پر گری جب لیوئس تین رنز بنا کر سہیل تنویر کا پہلا شکار بنے۔ یہ ٹی 20 بین الاقوامی میچوں میں سہیل تنویر کی 50 وکٹ تھی۔مارلن سیمیئولز ایک رن بنا کر سہیل تنویر کی گیند پر سرفراز کے ہاتھوں کیچ ہوگئے ۔19رنز پر تین وکٹ گرنے کے بعد ویسٹ انڈیز دباو میں آگیا۔ایسے موقع پر جب براوو خطرناک دکھائی دینے لگے۔انہیں محمد نواز نے18رنز پر بولڈ کردیا۔دسویں اوور میں اس کا اسکور چار وکٹ پر45رنز تھا۔نوجوان حسن علی نے آندرے فلیچر کو بولڈ کردیا۔فلیچر نے37گیندوں پر29رنز بنائے۔دو گیندوں کے بعد ڈینجر مین پولارڈ بھی حسن علی کا شکار بنے۔پورن کو آوٹ کرکے سہیل تنویر نے تیسری وکٹ حاصل کی۔براتھ ویٹ کو حسن علی نے عمر اکمل کےہاتھوں کیچ آوٹ کیا۔پاکستانی اننگز میںکپتان سرفراز احمد نے سب سے زیادہ46نا قابل شکست رنز بناکر پاکستان کو160رنز بنانے میں مدد دی۔سر فراز احمد نےشعیب ملک کے ساتھ69رنز کی شراکت46گیندوں پر قائم کی۔گرم موسم اور حبس میں دونوں نےزبردست بیٹنگ کرکے ویسٹ انڈین کھلاڑیوں کے اوسان خطا کردیئے۔سرفراز احمد نے32گیندیں کھیلیں اور پانچ چوکے مارے۔تجربہ کار شعیب ملک نے28گیندوں پر37رنز اسکور کئے ان کی اننگز میں ایک چھکا اور تین چوکے شامل تھے۔آخری پانچ اوورز میں پچاس رنز بنے۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے بدری نے24رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔براوو نے ایک وکٹ لینے کے لئے38رنز دیئے۔براتھ ویٹ کو بھی ایک وکٹ ملی۔قبل ازیںاوپنر خالد لطیف نے گیارہ اوورز بیٹنگ کی اوروکٹوں کے درمیان دوڑتے ہوئے کمزور دکھائی دیئے۔اسی خامی کی وجہ سے وہ رن آوٹ ہوئےْخالد نے40رنز 36گیندوں پر بنائے۔ان کی اننگز میںایک چھکا اور تین چوکے شامل تھے۔اوپنر شرجیل خان اسپنرز کے خلاف کمزور دکھائی دیئے اور مسلسل دوسرے میچ میں بدری کا شکار بنے۔شرجیل پانچ گیندوں پر صرف دو رنز بنا کر سیموئل بدری کی گیند پر بولڈ ہو گئے، جب کہ بابر اعظم نے 18 گیندوں پر 19 رنز کی اننگز کھیلی اور وہ بریتھویٹ کی گیند پر پولارڈ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔خالد لطیف اور بابر اعظم کے درمیان 54 رنز کی عمدہ شراکت ہوئی۔ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔ویسٹ انڈیز نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دیتے ہوئے اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی جبکہ پاکستان نے گزشتہ میچ کی فاتح الیون کو برقرار رکھا ۔ماہرین کے مطابق دبئی  اسٹیڈیم میں رات کو  اوس گرنے سےنمی زیادہ ہو جاتی ہے جس کی وجہ سے بعد میں بولنگ کرنے والی ٹیم کو مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔پہلے میچ میں پاکستان نے عالمی چیمپیئن ویسٹ انڈیز کو پہلے بولنگ کرتے ہوئےباآسانی نو وکٹوں سے شکست دے دی تھی اورویسٹ انڈیز کے بولروں کو گیند پکڑنے میں مشکل پیش آئی تھی۔پاکستانی بولروں کو بھی مشکل سے دوچار ہونا پڑا۔ 
تازہ ترین