• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی سی بی کا آفریدی کو الوداعی میچ دینےکا فیصلہ مزید تاخیر کا شکار

کراچی(عبدالماجدبھٹی/اسٹاف رپورٹر)اسٹار آل راونڈر شاہد خان آفریدی کو الوداعی میچ دینے یا نہ دینے کے بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا فیصلہ مزید تاخیر کا شکار ہوگیا ہے۔پیر کو شاہد آفریدی اور پی سی بی ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیئر مین نجم سیٹھی کے درمیان ہونے والی ملاقات ملتوی ہوگئی ہے۔شاہد آفریدی نے جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے تصدیق کی کہ پیر کو وہ نجی مصروفیات کی وجہ سے لاہور نہیں جاسکیں گے۔اس لئے نجم سیٹھی سے ملاقات بھی نہیں ہوسکے گی۔نجم سیٹھی نے شاہد آفریدی اور سعید اجمل کو پیر کو لاہور میں مدعو کیا تھا۔سعید اجمل پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ ان کا کرکٹ چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔شاہد آفریدی نجی دورے پر بحرین گئے تھے اور ہفتے کو ان کی کراچی واپسی ہوئی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے سیریز میں سرکاری ٹی وی پر ماہر کی حیثیت سے کام کروں گا۔ون ڈے سیریز کے بعد نجم سیٹھی سے ملاقات ہوسکتی ہے۔نجم سیٹھی اتوار کو دبئی سے لاہور پہنچ رہے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کے مطابق 27 ستمبر کو ایک اجلاس میں ایسے طریقہ کار کی منظوری دی جانا تھی۔جس کے تحت بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہنے والے کرکٹرز کو شایان شان انداز میں الوداع کہا جائے۔تاہم ملاقات ملتوی ہونے سے پی سی بی کی حکمت عملی کو دھچکہ لگا ہے۔چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا ہے کہ شاہد آفریدی الوداعی میچ کھیلنے کےمستحق ہیں، انہوں نے دو دہائیوں تک ملک کی نمائندگی کی ۔انضمام الحق نے کہا کہ ’میری رائے یہی ہے کہ آفریدی کو الوداعی میچ کھیلنے کا موقع ملنا چاہیے تاکہ وہ باعزت طریقے سے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرسکے‘۔ذرائع کے مطابق نجم سیٹھی نے موقف اختیار کیا کہ کرکٹ بورڈ محض الوداعی میچ کھیلنے کا موقع دینے کے لیے اس طرح شاہد آفریدی کو 16 ویں کھلاڑی کے طور پر اسکواڈ میں شامل کرکے غلط مثال قائم کررہا ہے اور ایک طریقہ ایک آفریدی جیسےسینئر کھلاڑی کے شایان شان بھی نہیں۔
تازہ ترین