• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کو سبق سکھایا جائے، مودی صرف بیان بازی کر رہے ہیں، بھارت میں احتجاجی مظاہروں سےمسلم ارکان اسمبلی کا خطاب

لاہور (جنگ نیوز) انڈیا میں اڑی حملے کے خلاف احتجاج کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ گزشتہ روز مولانا آزاد وچار منچ کی جانب سے آزاد میدان میں، ایم آئی ایم کی جانب سے ناگپاڑہ پر اور ارلا میں احتجاج کیا گیا، آزاد میدان میں کیے گئے احتجاج کے دوران پاکستانی شخصیات کے پتلوں کو علامتی پھانسی دی گئی اور ان کی تصاویر کو روند کر غم و غصے کا اظہار کیا گیا۔ مولانا آزاد وچار منچ کے سربراہ اور راجیہ سبھا کے رکن حسین دلوائی نے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی اور ان کے وزرا صرف ٹیلی ویژن پر بیان بازی کرتے ہیں لیکن کوئی ٹھوس فیصلہ نہیں کیا جاتا۔ انہوں نے مودی سے پوچھا کہ ’’آخر کارروائی کے لیے انہیں کس چیز کا انتظار ہے جبکہ پورا ملک ان کے ساتھ ہے۔‘‘ اقلیتی شعبے کے صدر نظام الدین راعین نے کہا کہ ’’کوئی مسلمان کبھی بھی دہشت گردی کی حمایت نہیں کرے گا اور پاکستان کی اس حرکت کی ہر مسلمان شدت سے مذمت کرتا ہے لیکن وزیراعظم سے یہ مطالبہ بھی کرتا ہے کہ وہ لفاظی کے بجائے عملی اقدام اٹھائیں۔‘‘ ارلا کے مظاہرے میں محمد پٹیل نے کہا کہ ہم حکومت سے پاکستان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ ایم آئی ایم کی جانب سے ناگپاڑہ جنکشن پر احتجاج کیا گیا،اس موقع پر رکن اسمبلی وارث پٹھان اور ایم آئی ایم ممبئی کے ذمے دار شاکر پٹنی نے کہا کہ ’’اب وقت آ گیا ہے کہ پاکستان کو اس کے انداز میں جواب دے کر سبق سکھایا جائے۔‘‘ برہمن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) میں منعقدہ اجلاس میں اڑی حملے کی سخت مذمت کی گئی۔
تازہ ترین