• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کو تنہا کردینگے، اڑی حملے کا بدلہ لیا جائے گا، مودی کی بڑھک

نئی دہلی (ایجنسیاں، جنگ نیوز) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستان کو دہشتگردی برآمد کرنے والا ملک قرار دیدیا ، انہوں نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اڑی حملے کا بدلہ لیا جائے گا، 18جوانوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا ، فوجی اڈے پر حملہ کبھی نہیں بھولیں گے ، دنیا میں پاکستان کو تنہا کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام کریں گے ،بھارت غربت کے خاتمے کے لئے ہزاروں سال تک جنگ لڑنے کے لئے تیار ہے ،آئو غربت اور جہالت کے خلاف جنگ کرتے ہیں پھر دیکھتے ہیں اس میںکس کی جیت ہوتی ہے ، تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیرا عظم نریندر مودی نے ایک بار پھر پاکستان پر الزامات کی بوچھاڑ کردی ، بھارتی ریاست کیرالہ کے ساحلی علاقے زیکوڈ میں حکمراں جماعت کی نیشنل کونسل کے اجلاس کے بعد جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مودی کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشتگردی برآمد کررہا ہے جبکہ بھارت سوفٹ وئیر برآمد کررہا ہے ،یہ اڑی میں بھارتی فوجی اڈے کے بعد مودی کا پہلا خطاب تھا ، انہوں نے کہا کہ اڑی حملہ پڑوسی ملک کی مدد سے کیا گیا جس میں ہمارے 18اہلکار ہلاک ہوئے ، پاکستانی قیادت کو بتانا چاہتا ہوں کہ ان کا خون رائیگاں نہیں جائے گا،اس کا بھرپور جواب دیا جائےگا ، دنیا میں پاکستان کو تنہا کرنے کے لئے ہر ممکن اقدام کریں گے ، مودی نے اپنے خطاب میں پہلی مرتبہ سندھ اور کا ذکر بھی کیا ، انہوں نے پاکستانی شہریوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی حکومت کشمیر کے نام پر آپ کو بے وقوف بنارہی ہے ، ان کا کہنا تھا کہ کیا سندھ اور بلوچستان میں سب کچھ ٹھیک ہے، کیا آزاد کشمیر اب آپ کیساتھ ہے ، کیا بنگلہ دیش آپ کیساتھ ہے ،سندھ اور بلوچستان آپ کیساتھ ہے لیکن کیا یہاں سب کچھ ٹھیک ہے ، مودی کا کہنا تھا کہ خطے میں عدم استحکام کا ذمہ دار پاکستان ہے، پڑوسی ملک کے دہشتگردوں نے 18 بار حملے کی کوشش کی،ہم لڑائی کرنے کو تیار ہیں ہمت ہے تو آؤ ہم غربت اور جہالت کے خلاف جنگ کریں،ان کا کہنا تھا کہ یہ ایشیا کی ترقی کی صدی ہے اور تمام ممالک اس سے فائدہ اٹھا رہے ہیں لیکن ایشیا کا ایک ملک دہشتگردی پھیلا رہا ہے اور ترقی کی راہ میں رکاوٹ بن رہا ہے، خطے میں عدم استحکام کا ذمہ دار بھی پاکستان ہے،مودی کا مزید کہنا تھا یہ ملک دوسرے ملکوں میں دہشتگردی پھیلا رہا ہے اور خوف کی علامت بن چکا ہے خواہ وہ بنگلہ دیش ہو یا افغانستان،  دنیا میں جہاں بھی دہشتگردی ہوتی ہے اسی ملک کا نام سامنے آتا ہے،اسامہ بن لادن جیسے لوگ اس ملک کو اپنے لیے محفوظ جنت سمجھتے ہیں ، نریندر مودی کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران بھارتی فورسز کشمیر میں 110 سے زائد دراندازوں کو ہلاک کرچکی ہے۔ انہوں نے پاکستانی شہریوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت بھی آپ کے آبائو اجداد کا وطن ہے۔
تازہ ترین