• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

متحدہ اور تحریک انصاف میں کئی باتیں مشترک ہیں، عمران خان

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ رائے ونڈ مارچ کیلئے کراچی والوں کو دعوت دینے آیا ہوں، ایم کیو ایم کی کئی باتیں تحریک انصاف سے ملتی جلتی ہیں، متحدہ کی الطاف حسین سے علیحدگی اچھی بات ہے، ایک شخص لندن میں بیٹھ کر لوگوں میں نفرت پھیلا رہا ہے، کراچی کا جلسہ بانی متحدہ کے بیانات کے خلاف احتجاج تھا، نواز شریف کبھی اداروں کو مضبوط ہونے نہیں دے گا،اگر ادارے ٹھیک ہوگئےتو نواز شریف خود اس میں پھنس جائینگے، مجھے اطلاعات ہیں کہ کرپشن کا پیسہ آئندہ انتخابات میں استعمال ہوگا،نواز شریف اپنے ہر ایم این ایز کو ایک ایک ارب روپےدے رہے ہیں، وہ پوری کوشش کرینگے کہ الیکشن جیتیں، اگر ہار گئے تویہ سارے جیل جائیں گے۔ ہندوستان نے کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کو چھپانے کے لئے جنگ کا شوشہ چھوڑا ہے،اگرکوئی ایسی صورت حال پیدا ہوئی تو ہم اپنے اندرونی اختلافات بھلا کر اپنی فوج کے ساتھ کھڑے ہونگے، کراچی سے 70 فیصد ریونیو پیدا ہوتا ہے اور اسی ریونیو سے کرپشن ہوتی ہے، ایم کیو ایم نے الطاف حسین کو ڈس اون کیا ہے جو بہت اچھی بات ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کو کراچی اسلام آباد سے کراچی آمد کے موقع پر کراچی ایئر پورٹ اور مقامی ہوٹل میں مختلف اخبارات کے سینئر ایڈیٹرز اور انصاف ہائوس میں ورکرز کنونشن سے خطاب کے موقع پر کیا۔ مقامی ہوٹل میں سینئر ایڈیٹرز کے ساتھ ملاقات کے دوران گفتگو میں انکا کہنا تھا کہ مسئلہ پاکستان کا ایک ہی ہے اور وہ ہے کرپشن، ہم میں اور مغرب میں فرق ہی یہیں ہے کہ وہاں رول آف لاء ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اطلاعات ہیں کہ کرپشن کا پیسہ آئندہ انتخابات میں استعمال ہوگا، نواز شریف اپنے ہر ایم این ایز کو ایک ایک ارب روپےدے رہے ہیں، وہ آئندہ الیکشن جیتنے کی بھی پوری کوشش کریں گے کیوںکہ وہ جانتے ہیں کہ اگر وہ الیکشن ہار گئے تو وہ سب جیل چلے جائیں گے۔ اقتدار سے پہلےن لیگ زرداری کی کرپشن پر بات کرتی تھی، اقتدار میں آکر زرداری کے60ملین ڈالر پر کوئی ایکشن نہیں لیا گیا، پاکستان میں اتنے برےحالات اس سے پہلے کبھی نہیں تھے، اداروں کی تباہی سےغربت پھیلتی ہے، نوازشریف اداروں کوٹھیک نہیں ہونےدیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عدالتوں نے اپنا کام نہیں کیا اگر عدالتیں اپنا کام صحیح طرح کرتیں تو ہمیں پاناما پر سڑکوں پر آنا نہیں پڑتا، وزیراعظم نےآف شور کمپنیز پر ایوان میں جواب نہیں دیا۔ اب ہمارے پاس سڑکوں پر آنے کےسوا کوئی راستہ نہیں، کیوںکہ یہ پاکستان کے مستقبل کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا ک ہہندوستان نے کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کو چھپانے کے لئے  جنگ کا شوشہ چھوڑا ہے، اگر کوئی ایسی صورت حال پیدا ہوئی تو ہم اپنے اندرونی اختلافات بھلا کر اپنی فوج کے ساتھ کھڑے ہونگے۔ رائونڈ مارچ کے بعد کیا ہوگا فی الحال نہیں بتایا جاسکتا ہے، کراچی سے 70 فیصد ریونیو پیدا ہوتا ہے  اور اسی ریونیو سے کرپشن ہوتی ہے، ایم کیو ایم نے الطاف حسین کو ڈس اون کیا ہے جو بہت اچھی بات ہے کراچی کا انفرا اسٹرکچر انتہائی خستہ حال ہے، کراچی کی سب سے بڑی تباہی کی وجہ سیاسی عسکریت تھی، دبئی ترقی نہیں کرتا اگر ملک میں کرپشن نہ ہوتی۔ دریں اثنا ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو میں انکا کہنا تھا کہ  حکمرانوں کی کرپشن کی وجہ سے ملک میں بے روزگاری پھیل رہی ہے ،غربت اور مہنگائی میں اضافہ ہوگیا ہے۔ حکمران نعرہ لگاتے ہیں کہ ہم سڑکیں بنارہے ہیں لیکن میں ان کو بتا دینا چاہتا ہوں کہ اداروں کی مضبوطی اور کرپشن کے خاتمے سے نیا پاکستان بنتا ہے۔ نواز شریف کا نام پاناما اسکینڈل میں آیا ہے۔
تازہ ترین