• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کا بھارتی وزیراعظم کا دعویٰ مضحکہ خیز ہے،وزارت خارجہ

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسلام آباد میں وزارت خارجہ کے ذرائع نے بھارتی وزیراعظم کے اس دعوے کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے اسے ناقابل تبصرہ قراردیا ہے جس میں بھارتی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارت، پاکستان کوعالمی سطح پر تنہا کرنے میں کامیاب ہوگیا ہے مذکورہ ذرائع کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم اپنے اس کھوکھلے اور بے بنیاد دعوے سے بھارتی عوام کوشاید وقتی طورپرمتاثر کر لیں لیکن دنیا ان کے اس دعویٰ کو حقائق کے پیش نظر سنجیدگی سے ہر گز نہیں لے سکتی تاہم مذکورہ ذریعے نے غیر رسمی انداز میں کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ روس اور پاکستان کی فوجیں مشترکہ مشقیں کرنے کیلئے پاکستان میں موجود ہیں۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر وزیراعظم نوازشریف کی ایران ترکی جاپان کے صدور، سعودی فرمانروا چین اور برطانیہ کے وزرائے اعظم سے ملاقاتوں میں انتہائی خوشگوار ماحول میں تبادلہ خیال ہوا ہے۔ ان کے علاوہ بھی نیو یارک میں مختلف تقریبات میں متعدد عالمی شخصیات نے وزیراعظم نوازشریف سے ملاقاتیں کیں اور بالخصوص انسداد دہشتگردی کیلئے کئے جانے والے اقدامات کی ستائش کا اظہار اور دورہ  پاکستان کی دعوت بھی قبول کی۔ مذکورہ ذریعے نے نریندر مودی کو بھارت کاخوش فہم وزیراعظم قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیراعظم کے حالیہ اقدامات اور پاکستان کو تنہا کرنے جیسے دعوے درحقیقت اس کوشش  کاایک حربہ ہے جو کشمیر سےاٹھنے والی خود مختاری کی حالیہ لہر کے باعث بھارت میں بڑھتے اور پھیلتے ہوئے احتجاج اور مقبوضہ کشمیر میں تشویشناک صورتحال کے باعث ہیں اور جسے دبانے کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں لیکن عالمی سطح پر اس صورتحال پر مسلسل تشویش  کا اظہار کیا جارہا ہے۔  امر واقعہ یہ ہے کہ خود بھارت مقبوضہ کشمیر کی صورتحال بالخصوص بھارتی فوج کے مظلوم اور نہتے  کشمیریوں پر مظالم کے باعث عالمی سطح پر شرمندگی کا شکار ہو چکا ہے۔ 
تازہ ترین