• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محکمہ داخلہ سندھ نے 6ہائی پروفائل دہشتگردوں کی فہرست تیار کر لی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)محکمہ داخلہ سندھ نے 6ہائی پروفائل دہشت گردوں کی فہرست تیار کر لی ہے جنکے سروں کی قیمت مقرر کئے جانے کے حوالے سے سفارش وزیر اعلیٰ کو بھیج دی گئی ہے سمری کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کاؤنٹر ٹیر ر ازم ڈپارٹمنٹ کی سفارش پر آئی جی نے محکمہ داخلہ سے درخواست کی کہ انتہائی مطلوب چھ دہشت گردوں کے سروں کی قیمت مقرر کی جائے،، جسکی سمری وزیر اعلیٰ کو بھیج دی گئی ہے سمری کے مطابق تمام ملزمان کی مجرمانہ سرگرمیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے انکے سروں کی قیمت مقرر کرنے کی سفارش کی گئی ہے ۔ مطلوب ترین دہشتگرد یاسین عرف چھوٹو کے سرکی قیمت ڈیڑھ کروڑروپے مقرر کئے جانے کی سفارش کی گئی ہے اسی طرح ملزم نوید کمال کے سر کی قیمت 75لاکھ رکھے جانے کی سفارش کی گئی ہے ۔دہشتگرد راشد عرف نور عالم 30لاکھ اور محمد امین کے سر کی قیمت 20لاکھ روپے مقرر کئے جانے کی سفارش کی گئی ہے۔  دہشت گرد ہدایت اللہ کے سروں کی قیمت 10، جبکہ ملزم اشرف عرف جانو کے سر کی قیمت 5لاکھ روپے رکھے جانے کی سفارش کی گئی ہے ۔ مطلوب دہشتگرد تخریب کاری اور دہشتگردی کی مختلف وارداتوں میں ملوث ہیں۔ دہشتگردوں کی گرفتاری میں مدد کرنے والے شخص کا نام صیغہ راز میں رکھا جائیگا ۔ یاد رہے کہ اس سے قبل دسمبر 2015میں 28انتہائی مطلوب ملزمان کے سروں کی قیمت مقرر کی گئی تھی جن میں سر فہرست بدنام دہشت گرد عطا الرحمان عرف نعیم بخاری تھا ،، جسکی گرفتاری پاک فوج نے پریس کانفرنس میں ظاہر کی تھی جبکہ فہرست میں شامل دیگر ملزمان کی اکثریت لاپتہ افراد میں شامل تھے جو بعد میں وقتاََ فوقتاََ سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کی پولیس پارٹی کے ہاتھوں مختلف مقابلوں میں مارے جاچکے ہیں ۔
تازہ ترین