• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حلب: باغیوں کےاہم گڑھ پر حکومتی فوج کا قبضہ

دمشق ( جنگ نیوز)صدر بشار الاسد کی حامی افواج نے حلب میں باغیوں کے ایک اہم گڑھ ہندرات کیمپ پر قبضہ کرلیا ہے،دوسری جانب شام جنگ بندی مفلوج ہو جانے کے بعدشامی اور روسی طیاروں کی بمباری سے 25 افراد جاں بحق ہوگئے،شامی انسانی حقوق کی مبصر تنظیم کا کہنا ہے کہ متحارب فریقین کے درمیان حلب میں شدید مسلح کارروائیاں جاری ہیں، جس میں   173 افراد لقمہٴ اجل بن چکے ہیں، ہند رات کیمپ دفاعی اعتبار سے بہت اہم ہے کیونکہ یہ ایک اونچے مقام پر واقع ہے جہاں سے شہر میں آنے والے راستے پر نظر رکھی جاسکتی ہے،واضح رہے کہ پیر کو جنگ بندی کے خاتمے کے بعد شامی افواج نے شہر میں میں تازہ فوجی کارروائی کا آغاز کیا ہے،ادھر اقوامِ متحدہ کے مطابق  حلب پر ہونی والی حالیہ شدید بمباری کے نتیجے میں تقریباً 20 لاکھ افراد کو پانی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے،بچوں کے لیے اقوامِ متحدہ کے ادارے یونیسف کے کا کہنا ہے کہ جمعہ کوکی گئی بمباری کے باعث باغیوں کے زیر قبضہ علاقے میں پانی فراہم کرنے والے پمپ ا سٹیشن کی مرمت نہیں کی جاسکی،یونیسف کا کہنا ہے کہ شہر میں موجود پانی نکالنے والا دوسرا پمپ بھی بند ہے،ادارے کےڈپٹی  ڈائریکٹرکا کہنا تھا کہ حلب آہستہ آہستہ مر رہا ہے اور دنیا دیکھ رہی ہے، تازہ ترین غیر انسانی حرکت بمباری اور لوگوں کا پانی بند کرنا ہے،اس سے قبل روسی وزیرِ خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا تھا کہ شام میں جنگ کے خاتمے کیے لیے روس اور امریکا کے درمیان طے پانے والے معاہدے کی حفاظت ضروری ہے کیونکہ اس کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں ہے،انھوں نے یہ بات نیویارک میں اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران کہی،روسی وزیرِ خارجہ کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب شام میں جنگ بندی کا معاہدہ ٹوٹ چکا ہے اور شامی فوج حلب کے مختلف علاقوں کو باغیوں کے قبضے سے چھڑانے کے لیے وہاں بمباری کر رہی ہے،سرگئی لاوروف نے باغیوں کو کنٹرول کرنے میں ناکامی کی ذمہ داری امریکا پر عائد کی۔
تازہ ترین