• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منتخب نمائندے آنے کے بعد بھی صورتحال بہتر نہ ہوسکی، سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار، ہر طرف کچرے کے ڈھیر

کراچی(اسٹاف رپورٹر) منتخب بلدیاتی نمائندے آنے کے بعد بھی کراچی کا مقدر جاگ نہ سکا۔ عیدالاضحی سے قبل رکنے والی صفائی ستھرائی نے اب شہر کے مختلف مقامات پر  بڑے بڑے کوڑے کرکٹ کے ڈھیروں کی شکل اختیار کرلی ہے ڈپٹی میئرکراچی کی عید کے تیسرے دن اعلان کر دہ صفائی مہم کہیں نظر نہیں آرہی تمام چھ ڈی ایم سیز اور ڈسٹرکٹ کونسل کراچی مکمل بے خبر ہیں، دوسری جانب گلی محلوں میں جمع ہونے والے کچرے میں مزید اضافہ ہوگیا ہے اب عام سڑکوں پر کوڑے کرکٹ کے ڈھیر نظرآرہے ہیں ان سے اٹھنے والے تعفن اور بدبونے لوگوں کی زندگی اجیرن کردی ہے، مکھی مچھروں کی بہتات ہوگئی ہے بعض مقامات پر کچرے کو آگ لگادی جاتی ہے بعض علاقوں سے لوگوں نے بتایاکہ ان کے یوسی چیئرمین، وائس چیئرمین کونسلرز بالکل فعال نظرنہیں آرہے اور ایسے محسوس ہوتا ہے کہ شاید یہ کسی پالیسی کا حصہ ہے ورنہ ماضی میں  منتخب بلدیاتی نمائندے شہری سہولوتوں کی فراہمی کے لیے پیش پیش ہوا کرتے تھے لوگوں کا کہنا ہے کہ ڈی ایم سیز، کے ایم سی کے پاس عملے کی کمی ہے نہ صفائی ستھرائی میں حصہ لینے والی گاڑیوں کا بحران ہے بلکہ بلدیاتی ملازمین کی تعداد ضرورت سے زیادہ ہے لیکن بنیادی کام ہوتے نظر نہیں آرہے ، سڑکیں بری طرح ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جگہ جگہ گہرے گڑھے ہیں ڈپٹی میئر کی جانب سے ان کی مرمت کے لیے ابھی تک کوئی پروگرام سامنے نہیں آیا ، پلوں پرکچرے کے ساتھ مٹی کے ڈھیر بھی طویل عرصے سے جمع ہیں شہریوں نے اس صورتحال پر شدید غم وغصے کا اظہار کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ صفائی کے کام فوری شروع کیا جائے  جن علاقوں سے شکایات ملیں ان میں عزیزآباد نمبر2 کراچی اکیڈمی اسکول کے کونے پر ، بلوچ پاڑہ، جہانگیرروڈ، محمدی گراؤنڈ بلاک8 ، عزیزآباد، فیڈرل بی ایریاآغاخان اسپتال کے عقب،ایوب گوٹھ،کراچی سندھ کوآپریٹو سوسائٹی،لا سی گوٹھ، لیاقت آباد نمبر4، سپرمارکیٹ، انٹربورڈآفس کے سامنے والے روڈ پر قلندریہ چوک تک، عزیزآباد سندھی اسکول کے سامنے، 4 کے چورنگی، ڈبلیوII کے آخری اسٹاپ، شفیق موڑ، ملیر میں کھوکھراپار، ماڈل کالونی شاہراہ لیاقت، گرین ٹاؤن، گولڈن ٹاؤن، عظیم پورہ، یونیورسٹی روڈ صفورا تایونیورسٹی،محمودآباد، کراچی ایڈمن سوسائٹی، اعظم بستی، چنیسرگوٹھ، لائنزایریا،اخترکالونی، منظور کالونی، صدر، برنس روڈ، نشترروڈ، اولڈسٹی ایریا، رنچھوڑ لائن،کیماڑی ماری پور، ہاکس بے روڈ، شیرشاہ، بلدیہ ٹاؤن سمیت متعدد علاقے شامل ہیں۔
تازہ ترین