• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیا پاکستان چاہتے ہیں، بلاول سمیت سب کو فائدہ اٹھانا چاہیے، عمران خان

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ بیوقوف نہیںہم جو بار بار احتجاج کر رہے ہیں، ہمارا مقصد اداروں کو جگانا ہے اور سٹرکوں پر آنے کا مقصد نیا پاکستان بنانا ہے، بلاول سمیت سب کو آگے بڑھ کر موقع سے فائدہ اٹھانا چاہئے، مارچ میں رکاوٹ پر حالات کی خرابی کی ذمہ دا حکومت ہوگی،رائیونڈ مارچ پی ٹی آئی کی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے اتوار کے روز ناشتے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ عمران خان نے کہا کہ وزیر اعظم اپنی کرپشن پر پردہ ڈالنے کیلئے اداروں کو تباہ کر رہے ہیںلیکن تحریک انصاف ایسا نہیں ہونے دیگی اداروں کا کام شہریوں کو انصاف فراہم کرنا ہے جب تک عوام کو انصاف نہیں ملے گا ملک کے حالات اس ہی طرح سے رہیں گے۔ انھوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کے حوالے سے بلاول بھٹو سمیت سب کو آگے آنا چاہئے، بلاول بھٹو نئے پاکستان کی بنیاد رکھیں تحریک انصاف ساتھ دینے کے لئے تیار ہے۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم کرپٹ ہو تو وہ سب کو بد عنوان بنادیتا ہے ملک میں ادارے آزاد نہیں، ہم بیوقوف نہیں کہ بار بار احتجاج کر رہے ہیں ہمارا مقصد اداروں کو جگانا ہے اور سڑکوں پر آنے کا مقصد نیا پاکستان بنانا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کو دہشت گردوں سے چھٹکارا حاصل کرنا ہوگا، کراچی پاکستان کا معاشی اور سیاسی حب سمجھا جاتا ہے یہاں سے پڑھے لکھے اور سمجھدار شہری پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں، جبکہ وزیر اعظم سے ہمارا کرپشن کے حوالے سے اختلا ف ہے دراصل ہمارے ہاں کوئی طاقتور آدمی پکڑا نہیں جاتا پاناما لیکس کے حوالے سے ایک اچھا موقع ہے جس سے نیا پاکستان بنایا جاسکتا ہے۔
تازہ ترین