• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریک انصاف کے بانی رکن جسٹس وجیہہ نےپارٹی کی بنیادی رکنیت بھی چھوڑدی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور بانی رکن جسٹس (ر) وجیہہ الدین احمد پارٹی قیادت سے شدید اختلافات کے باعث مستعفی ہوگئے۔ انھوں نے اپنا استعفیٰ پارٹی سربراہ کو بھجوادیا ہے۔ جسٹس وجہہ الدین نے اپنی جماعت بنانے کا اعلان کیا ہے،نئی جماعت کا اعلان آئندہ ایک ماہ میں کیا جائے گا۔ ریٹائرڈ جسٹس وجیہہ الدین نے کہا کہ پارٹی فیصلوں میں کسی اصول ، ضابطے اور آئین کا خیال نہیں رکھا جاتا تھا، معاملہ درست کرنے کی بہت کوشش کی لیکن مایوسی ہوئی۔ واضح رہے کہ انکے پارٹی قیادت سے اختلافات اس وقت کھل کر سامنے آئے تھے جب انھوں نے 2013ء کے انٹر اپارٹی الیکشن کو الیکشن ٹریبونل کے سربراہ کی حیثیت سے دھاندلی زدہ قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا تھا اور پارٹی کے چیئرمین کو دوبارہ انتخابات کروانے کی ہدایت کی تھی اور اس وقت منتخب مرکزی سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین، سندھ کے صدر نادر اکمل لغاری اور دیگر کئی رہنمائوں کے انتخاب کو دھاندلی زدہ قرار دیا تھا،جسکے کچھ عرصے کے بعد پارٹی چیئرمین نے دبائو کے بڑھنے کے بعد پارٹی کے تنظیمی سیٹ اپ کو توڑدیا تھا اور نئے انٹرا پارٹی انتخابات کروانے کا اعلان کیا تھا۔لیکن اس اعلان کے باوجود نئے انتخابات نہیں کروائے گئے اور پارٹی قیادت کی جانب سے تمام عہدوں پر نامزدگیاں کردی گئیں۔ جسٹس وجہیہ الدین نےصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میں نے تحریک انصاف میں پانچ سال رہتے ہوئے بگڑے ہوئے معاملات کو راہ راست پر لانے کی بہت کوشش کی لیکن اس حوالے سے مجھے سخت مایوسی کا سامنا کرنا پڑا،پارٹی فیصلوں میں کسی اصول، ضابطہ،آئین کا کوئی خیال نہیں کیا جارہا تھاپارٹی کے اندر کوئی بھی تعمیری کام یا تعمیری سیاست نہیں ہور ہی تھی ،جسکی وجہ سے میں نے خود کوکافی عرصے سے عملی طور پر پارٹی سے علیحدہ کر رکھا تھا اس دوران پارٹی قیادت کی جانب سے کئی مرتبہ پارٹی کے ساتھ چلنے کے لئے کہا بھی گیا لیکن میں کیسے غلط کو صحیح کہہ سکتا تھا اس لئے میں نے پارٹی قیادت کے ساتھ کھڑا ہونے کے بجائے انتظار کرنا بہتر سمجھا لیکن میرے انتظار کے باوجود بھی معاملات کو بہتر نہیں کیا گیا بلکہ اب تو پارٹی کے اندر جو پالیسیاں اپنائی گئی ہیں ان کے ساتھ نہیں چلا جاسکتا۔ ایک سوال کے جواب میں جسٹس وجیہہ الدین احمد نے کہا کہ پارٹی سے مستعفی ہونے کے حوالے سے یہ میرا حتمی فیصلہ ہے۔
تازہ ترین