• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بعض سیاستدان مارشل لاء کیلئے طبل بجا رہے ہیں ، غلام احمد بلور

پشاور(صباح نیوز) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر حاجی غلام احمد بلور نے کہا ہے کہ عاقبت نا اندیش سیاستدانوں کی وجہ سے مارشل لاء کی آواز اور ʼ’’بوٹوں‘‘ کی دھمک سنائی دے رہی ہے۔ بعض سیاستدان مارشل لاء کیلئے طبل بجا رہے ہیں اگر انہوں نے ہوش کے ناخن نہ لئے تو پانچویں بار مارشل لاء کیلئے سب کو تیار رہنا ہوگا۔اپنے ایک بیان میں حاجی غلام احمد بلور نے کہا کہ احتجاج کیلئے سڑکوں پر آنے والے پارلیمنٹ کا آئینی و قانونی راستہ اپنائیں ۔ انہوں نے کہا کہ مارچ رائیونڈ میں ہو یا بنی گالہ میں ہم اس کی بھرپور مخالفت کرتے ہیں ۔ احتجاج کیلئے پارلیمنٹ سے بہتر کوئی فورم نہیں ۔ عمران خان بعض نو مولود اور نو عمر سیاستدانوں کے کہنے پر جلد سے جلد سڑکوں پر آجاتے ہیں تاہم انہیں یہ بات ذہن میں رکھنی چاہئے کہ بھٹو کے انکار کی وجہ سے جب سڑکوں پر فیصلے کئے گئے یحییٰ خان کا مارشل لاء لگ گیا۔ 77میں دوبارہ بھٹو کے خلاف سیاسی جماعتیں سڑکوں پر آئیں تو ضیاء الحق کا مارشل لاء بھگتنا پڑا۔ اسی طرح 99میں بھی سیاسی جماعتوں کی غلطی کی وجہ سے پرویز مشرف نے بندوق تان لی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کلاشنکوف، ہیروئن اور انتہاپسندی کے کلچر کو فروغ دینے میں ان مارشل لاء کا بہت بڑا کردار ہے تاہم اب پاکستان اس کا متحمل نہیں ہو سکتا۔
تازہ ترین