• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شکارپور، پی ایس 11 کے ضمنی انتخابات میں جوڑ توڑ کا سلسلہ جاری، پی پی اور جے یو آئی کا سخت مقابلہ متوقع

شکارپور(نامہ نگار) صوبائی اسمبلی کے حلقہ  پی ایس 11شکارپور کے ضمنی انتخابات کے لئے جوڑ توڑ کا سلسلہ زوروں پر ہے ۔ پاکستان پیپلز پارٹی  اور جمعیت علمائےاسلام کے امیدوار میں سخت مقابلہ متوقع ہے۔سابق رکن اسمبلی ڈاکٹر محمد ابراہیم جتوئی نے جے یوآئی امیدوارمولاناناصر محمودسومرو کی حمایت کا اعلا ن کردیا جبکہ دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے نامزد  امیدوارامتیاز احمد شیخ کے حق میں جمعیت علمائے پاکستان کے امیدوارحافظ مسعود احمد برڑو نے دستبرداری کا اعلان کردیا۔ ڈاکٹر محمد ابراہیم جتوئی اور جے یو آئی کے نامزد امیدوار برائےضمنی انتخابات پی ایس 11 شکارپور کے لئے علامہ ناصر محمود سومرو سمیت دیگر رہنماؤ ں نے جتوئی ہاؤس  میں مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ ا س موقع پر ڈاکٹر محمد ابراہیم جتوئی نے کہاکہ ہم علامہ ناصر محمود سومرو کی نہ صرف ضمنی انتخابات میں حمایت کا اعلان کرتے ہیں بلکہ  ہمارا یہ اتحاد مستقبل میں سندھ کے لئے سنگ میل ثابت ہوگا۔انہوں 2018 کے عام انتخابات میں بھی اس اتحاد کو قائم رکھنے کے سوال پر جواب دیتے ہوئےکہا کہ اس سلسلے می کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا،  علامہ ناصر محمود سومرو نے کہاکہ پی پی پی کے خلاف اتحاد کی بنیا د ہم نے رکھ دی ہے، یہ اتحاد انتخابات میں مخالفین کے ہوش اڑانے کی حیثیت رکھتا ہے،جس کے لئے ہم ڈاکٹر ابراہیم جتوئی کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ اس اتحاد کے علاوہ ہمارے پیر صاحب پگارو ، سید جلال محمود شاہ ودیگر قوم پرست رہنماؤں سے رابطے جاری ہیں۔ہمارے قائدمولانا فضل الرحمٰن نے علامہ ساجد نقوی سے بھی رابطہ کیا ہے امید ہے کہ جلد اہل تشیع سے تعلق رکھنے والے رہنما بھی ہماری حمایت کا اعلان کریں گے،اس بار پی ایس 11 پر فتح ہمارے حصے میں آئے گی۔ علاوہ ازیں شکارپور میں ہونے والےضمنی انتخابات کے حوالے سے مدرسہ غوثیہ جیلانیہ میں پی پی پی اور جے یو پی کی مشترکہ پریس کانفرنس میں جمعیت علمائے پاکستان کے نامزد امیدوار حافظ مسعود احمد برڑو نے پی پی پی کے نامزد امیدوارامتیاز احمد شیخ کے حق میں دستبرداری کا اعلان کیا۔
تازہ ترین