• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محنت کشوں کیساتھ زیادتیوں کیخلاف احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان

کوٹری(نامہ نگار)کوٹری صنعتی زون میں محنت کشوں سے ہونے والی زیادتیوں کےخلاف سندھ یونائیٹڈ پارٹی کا احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان،محرم الحرام کے بعد 21اکتوبر کو احتجاجی ریلی اور دھرنا دیا جائےگا۔ یہ بات سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے تعلقہ آرگنائزر ممتاز علی گورڑ،خالد بھٹی،لیاقت چوہان سمیت دیگر رہنماؤں نے کوٹری میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی زون کوٹری میں محنت کشوں کا استحصال بدستور جاری ہے۔ سرمایہ داروں نے لیبر قوانین کی دھجیاں بکھیر دیں ہیں، مقامی لوگوں پر روزگار کے دروازے بند کردیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل ملز گروپ کی جانب سے سینکروں محنت کشوں کو واجبات کی ادائیگی نہ کرنا سراسر ظلم ہے جس کی وجہ سے احتجاج کرنے والا محنت کش لطیف بروہی پولیس کی گولی لگنے سے جاں بحق ہو گیا مگر مسلسل احتجاج اور مظاہروں کے باوجود فیکٹری انتظامیہ نے مزدوروں کو ابتک واجبات ادا نہیں کیئے ۔انہوں نے اعلان کیا کہ محنت کشوں کے حق کےلئے محرم الحرام کے بعد بھر پور احتجاجی تحریک چلائی جائےگی ۔انہوں نے کہا کہ 21اکتوبر کوخدا کی بستی سے ریلی نکالی جائےگی جوکہ قومی شاہراہ سے ہوتے ہوئے کوٹری المدینہ چوک پہنچ کر دھرنا دے گی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ ایکشن کمیٹی کے کنوینر دیدار شام اور دیگر رہنماؤں کی جانب سے مقتول مزدور کے ورثاءکو 40لاکھ روپے دیئے جانے کے فیصلے کو قطعی نہیں مانتے جس کی وجہ سے انہوں نے ایکشن کمیٹی سے ناطہ توڑ لیا ہے۔
تازہ ترین