• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہالا : بقایاجات کی وصولی کیلئے جانیوالی حیسکو ٹیم پر حملہ

ہالا (نامہ نگار) حیسکو سب ڈویژن کے25کلو میٹر دور گرڈ اسٹیشن بکھر جمالی سے ملحقہ علاقے میں 82لاکھ روپے کی وصولی کیلئے جانے والی ٹیم نے گوٹھ شہداد جمالی،دھنگانو جمالی اور علی مراد جمالی کی بجلی کاٹ دی جس پر حیسکو کی ٹیم پر سڑک پر کھڑے ڈنڈا بردار ہجوم نے پتھراوٗ کرکے گاڑی کو نقصان پہنچایا جس کے نتیجے میں لائن مین  راوٗ نصیر راجپوت،ثناءاللہ ،الطاف، عاشق  کے علاوہ ڈرائیور وسیم پر لاٹھیوں کے حملے میں زخمی ہو گئے۔ نیوسعیدآباد پولیس نے ایس،ڈی،او ارشاد میمن کی مدعیت میں کامریڈ ممتاز،نظیر جمالی کے ساتھ  13نامزد اور15نامعلوم سمیت  28حملہ آوروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ دوسرے روز بقایا جات وصولی کیلئے پولیس کے ہمراہ جانے والی حیسکو ٹیم پر گوٹھ شہداد جمالی کے مشتعل افراد نے پتھراوٗ کرکے گاڑیوں کو نقصان پہنچایا۔ مظاہرین نے درخت کاٹ کر سڑکوں پر آگ لگادی صورتحال کی سنگینی کے باعث پولیس نے لاٹھی چارج کرکے مظاہرین کو منتشر کیا ۔مظاہرین کے خلاف امور سرکار میں مداخلت اور ہنگامہ آرائی کے الزام میں مزید مقدمات درج کرنےکا امکان ہے   مقدمات کے اندراج کے باوجود مسلح مظاہرین نے گرڈ اسٹیشن کے عملہ کو یرغمال بنا لیا اور تمام فیڈرز بند کرادیئے جس سے نیوسعیدآباد شہر سمیت سیکڑوں دیہات تاریکی میں ڈوب گئے ۔
تازہ ترین