• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رحم کی گنجائش نہیں، فتح کیلئے حریف پر ٹوٹ پڑو، مکی آرتھر کی ٹیم کو ہدایت

کراچی(اسٹاف رپورٹر) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کہتے ہیں کہ ویسٹ انڈیز کو ٹی 20 سیریز میں وائٹ واش کرنے کے لئے کھلاڑیوں کو بے رحم اور جارحانہ کرکٹ کھیلنے کی ہدایت کی ہے۔ان کا پیغام واضح ہے کہ’’ رحم کی گنجائش نہیں،فتح کیلیے حریف پر ٹوٹ پڑو‘‘۔ وہ پیر کو دبئی میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ پانچ ماہ پہلے کوچ بننے والے کوچ کہتے ہیں کہ نئی ٹیم کی تشکیل میں یہ سیریز جیتنا پہلا قدم ثابت ہوگی۔ ہمیں گرائونڈ میں بے رحم اور بے خوف کرکٹ کھیل کر حریف ٹیم کو قابو کرنا ہوگا۔ پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی 20سیریز میں کبھی کلین سوئپ مکمل نہیں کیا ہے۔ پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسری مرتبہ ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتی ہے۔ اس سے قبل اس نے 2013 میں ویسٹ انڈیز میں کھیلی گئی سیریز کے دونوں میچز جیتے تھے۔ آرتھر نے پاکستانی کرکٹرز کو ویسٹ انڈیز کے خلاف تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ جیتنے کاہدف دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیریز تین صفر سے جیتنے پر ہی کارکردگی کو اطمینان بخش قرار دوں گا۔ اس سے کم پر بات نہیں ہوگی۔ مکی آرتھرکا کہنا ہے کہ ہم نے ٹیم کو ٹریک پر لانے کے لئے حقیقت پر مبنی اہداف مقرر کئے ہیں۔ جیت سے ٹیم میں اعتماد بڑھ رہا ہے۔ ہم اسی برانڈ کی کرکٹ کھیل رہے ہیں جو یقینی طور پر پاکستان کرکٹ کو اوپر لے کر جائے گی۔ پاکستان کرکٹ کا سب سے بڑا مسئلہ مستقل مزاجی رہی ہے۔ ایک دن بہت اچھا کھیلنے کے بعد دوسرے دن کارکردگی میں زوال آجاتا ہے۔ کھلاڑیوں سے کہا گیا ہے کہ ایسی برانڈ کی کرکٹ کھیلیں جو انہیں اور ٹیم کو بلندیوں پر پہنچا دے۔ اس سیریز سے کچھ اچھے کھلاڑی سامنے لانے چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیریز میں ہمیں تینوں شعبوں میں غیر معمولی کارکردگی دکھانا ہوگی۔ ہمیں سیریز تین صفر سے جیتنے کے لئے کوئی بھی غلطی نہیں کرنا ہوگی۔ ڈریسنگ روم میں بیٹھ کر یہ کہہ دینے سے کام نہیں چلے گا کہ ہم نے سیریز جیت لی ہے۔ مکی آرتھر خوش ہیں کہ پاور پلے کے معاملے میں پاکستانی ٹیم نے بہت امپروو کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اننگز کی بنیاد رکھنے کے لئے پاور پلے بہت ہم ہوتا ہے۔ پاکستانی ٹیم بہت گیندیں ضائع کررہی تھی اس لئے ہم نے ڈاٹ بال کی پرسنٹیج بھی کم کی ہے۔ بیٹسمین کوشش کررہے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ اسٹرائیک اپنے پاس رکھیں۔ اس شعبے میں ہم نے اپنی خامی دیکھی اور اس میں بہتری لارہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ کارکردگی میں بھی تسلسل لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی چیمپئن کو شکست دینے کے لئے ہم نے اپنے اسپنرز کے ذریعے اٹیک کیا۔ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں لیفٹ آرم اسپنرز کی کارکردگی میں بہتری آرہی ہے۔ عماد وسیم دن بدن بہتر ہورہا ہے اس کے کھیل پر مزید کام کیا جارہا ہے۔ مکی آرتھر نے کہا کہ فٹنس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ کھلاڑیوں کو بتادیا گیا ہے کہ ٹیم میں آنے کے لئے انہیں کس لیول کا فٹنس معیار حاصل کرنا ہوگا۔ ہم نے سیریز سے پہلے اپنی فٹنس کا ویسٹ انڈیز سے موازنہ کیا اور یہی طے کیا کہ انہیں ہرانے کے لئے اپنی فٹنس کو ان سے بہتر کرنا ہوگا۔ امارات کی مشکل اور گرم کنڈیشنز میں جیت کے لئے فٹنس پہلی سیڑھی ہے۔ مکی آرتھر نے کہا کہ ون ڈے سیریز سے قبل محمد عامر اور رومان رئیس کو موقع دینا چاہتے ہیں لیکن دونوں کے بارے میں فیصلہ میچ سے قبل کریں گے۔ مکی آرتھر نے کہا کہ کارڈف میں ہم نے جس طرح انگلینڈ کو شکست دی اسی طرح کھیل کر جیت سکتے ہیں۔ ہم نے کارڈف ون ڈے میں اپنی کرکٹ کا انداز تبدیل کردیا تھا۔ شعیب ملک اور سرفراز احمد کی اچھی شراکت نے بڑے ہدف کے تعاقب میں مدد دی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں علم تھا کہ ویسٹ انڈین اسپنرز کے خلاف کمزور ہیں اور اسی خامی کے ذریعے ہم نے انہیں قابو کیا ہے۔ پاکستانی اسپنرز کے خلاف ویسٹ انڈین بیٹنگ ایکسپوژ ہوگئی۔ 
تازہ ترین