• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آج تیسرا ٹی ٹوئنٹی، پاکستان کی نظریں عالمی چیمپئن کیخلاف کلین سوئپ پر

ابوظبی (جنگ نیوز) عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز کی ٹیم پاکستان کے ہاتھوں دو مسلسل ٹی 20 انٹر نیشنل میچوں میں شکست کے بعد منگل کو شیخ زید اسٹیڈیم میں بقا کی جنگ لڑے گی اور سیریز کے آخری میچ کو جیتنے کے لئے سر دھڑ کی بازی لگانے کے لئے پرعزم ہے۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کا آخری میچ پاکستانی وقت کے مطابق شب نو بجے شروع ہوگا۔ پاکستان سیریز دو صفر سے جیت چکا ہے۔ اس لئے ٹیم انتظامیہ بولنگ لائن میں تبدیلی کرکے رومان رئیس اور محمد عامر کو موقع دینا چاہتی ہے جبکہ حسن علی اور وہاب ریاض کو ون ڈے سیریز سے قبل آرام دیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بیٹنگ لائن میں کسی تبدیلی کاکوئی امکان نہیں ہے۔ دوسرے میچ میں حسن علی نے چار اوورز میں49 رنز دے کر تین وکٹ حاصل کئے تھے۔24سالہ رومان کا تعلق کراچی سے ہے۔ سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان ٹیم نے سلو وکٹوں پر اور سخت گرم موسم میں ویسٹ انڈیز کو آئوٹ کلاس کردیا ہے۔ پہلے میچ میں عماد وسیم کی پانچ وکٹوں نے ویسٹ انڈیز کو شکست کے دھانے پر پہنچایا۔ دوسرے میچ میں سرفراز احمد نے ایک بار پھر دھوکا نہیں دیا اور فائٹنگ 46ناقابل شکست رنز بناکر پاکستان کو سیریز میں کامیابی سے ہم کنار کرادیا۔ سرفراز احمد کہتے ہیں کہ جیت کا کریڈٹ کسی ایک کو دینا مشکل ہے۔ دونوں فتوحات ٹیم اسپرٹ کے مرہون منت ہیں۔ پاکستان کا سیریز جیتنے کے باوجود عالمی رینکنگ میں کوئی فرق نہیں پڑا ہے جو اس وقت ساتویں ہے البتہ اس کے اور چھٹے نمبر کی ٹیم انگلینڈ کے درمیان پوائنٹس کا فرق کم رہ جائے گا۔ اگر ویسٹ انڈیز کی ٹیم یہ سیریز جیت جاتی تو وہ عالمی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں تیسرے سے دوسرے نمبر پر آجاتی۔ دبئی انٹر نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان نے پہلا میچ 9وکٹ سے جیتا تھا۔ عماد وسیم کی پانچ وکٹوں کے علاوہ نوجوان بابر اعظم نے نصف سنچری بناکر پاکستان کو فتح دلوائی۔ البتہ دونوں میچوں میں اوپنر شرجیل خان کا بیٹ خاموش ہے۔ اسپنرز کے خلاف وہ کھل کر بیٹنگ نہیں کرسکے ہیں۔ خالد لطیف نے دونوں میچوں میں اچھی بیٹنگ کی ہے لیکن ان کی فٹنس سوالیہ نشان بنی ہوئی ہے۔ پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسری مرتبہ ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتی ہے۔ اس سے قبل اس نے 2013میں ویسٹ انڈیز میں کھیلی گئی سیریز کے دونوں میچز جیتے تھے۔ موجودہ سیریز میں دونوں ٹیموں نے اپنے گیارہ کھلاڑیوں پر ہی اعتماد برقرار رکھا ہے۔ بنچ پر بیٹھے محمد عامر، محمد رضوان، رومان رئیس اور سعد نسیم کو ابھی تک کھیلنے کا موقع نہیں ملا ہے تاہم تیسرے اور آخری میچ میں دونوں جانب سے تبدیلیاں متوقع ہیں۔ ابوظبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں پاکستان کا ٹی ٹوئنٹی میں ریکارڈ اچھا نہیں رہا ہے۔ اس میدان میں اس نے چار ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے ہیں جن میں سے اسے صرف ایک میچ میں کامیابی حاصل ہوسکی ہے۔  
تازہ ترین