• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ترقی کیلئے تعلیم کیساتھ کھیل بھی ضروری ہیں،جہانگیر خان

ٹوکیو (عرفان صدیقی/نمائندہ جنگ ) سابق ورلڈ اسکواش چیمپئن جہانگیر خان نے کہا ہے کہ ترقی یافتہ قوم بننے کیلئے اگر ساٹھ فیصد تعلیم کاکردار ہوتا ہے تو چالیس فیصد اسپورٹس کی ضرورت ہوتی ہے لیکن افسوس کی بات ہے کہ پاکستان میں نہ تو تعلیم اور نہ ہی اسپورٹس کے شعبے پر حکومتی توجہ ہے۔ آج کے نوجوان کے پاس اپنی توانائی کے استعمال کےلیے کھیلنے کے گرائونڈز نہیں ہیں۔ یہ بات انہوں نے پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین کی دعوت پر جاپان کے دورے میں روزنامہ جنگ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہی۔ جہانگیر خان نے کہا کہ اسکواش کے شعبے میں پاکستان کی عالمی سطح پر برتری ماضی کا قصہ بن کر رہ گئی ہے ، پچاس کی دہائی سے نوے کی دہائی تک پاکستانی کھلاڑیوں نے اپنے بل بوتے پر دنیائے اسکواش پر حکمرانی کی ، تاہم اس کے بعد حکومت نے کی عدم توجہی کے سبب پاکستان میں اسکواش کے شعبے میں کوئی عالمی معیار کا کھلاڑی پیدا نہیں ہوا ، حکومت نےکھلاڑیوں کے تجربے کو ملک میں اسکواش کی بہتری کے لیے استعمال نہیں کیا، اسکواش کورٹس تعمیر نہیں کیے ۔ جہانگیر خان نے کہا کہ جاپان کبھی اسکواش کا عالمی چیمپین نہیں رہا لیکن ہمیشہ ہی جاپان میں اسکواش کا بجٹ پاکستان میں اسکواش کے بجٹ سے بہت زیادہ رہا ہے ، آج بھی جاپان میں اتنے زیادہ چاہنے والوں کو دیکھ کر خوشی ہوتی ہے۔
تازہ ترین