• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انٹرآرٹس اور ڈپلومہ ان فزیکل ایجوکیشن کے امتحانات کے نتائج کا اعلان

کراچی(اسٹاف رپورٹر) اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ بارہویں جماعت کے آرٹس ریگولر، آرٹس پرائیویٹ ،خصوصی امیدواروں اور ڈپلومہ ان فزیکل ایجوکیشن کے سالانہ امتحانات برائے 2016ء کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔ نتائج کی تفصیلات بتاتے ہوئے ناظم امتحانات محمد عمران خان چشتی نے کہا کہ گزشتہ امتحانات کے نتائج کی طرح اس بار بھی طالبات بازی لے گئیں، آرٹس ریگولر اور آرٹس پرائیویٹ میں تینوں پوزیشنیں لڑکیوں نے حاصل کیں البتہ خصوصی امیدواروں کے امتحانی نتائج میں لڑکوں نے پوزیشنیں حاصل کیں۔ نتائج کے مطابق آرٹس ریگولر گروپ میں تینوں پوزیشنیں اقراء حفاظ ڈگری کالج کی طالبات نے حاصل کیں۔ آرٹس ریگولر میں پہلی پوزیشن حافظہ اثنا صدیقی بنت غلام حسین رول نمبر 764861نے گیارہ سو میں سے 945نمبرز اے ون گریڈ لے کر حاصل کی جبکہ دوسری پوزیشن حافظہ ہانیہ وقاص بنت وقاص بن یوسف رول نمبر 764862 نے 942 نمبرز اے ون گریڈ اور تیسری پوزیشن حافظہ لبابہ مستقیم بنت مستقیم شاہ رول نمبر 764864 نے 930نمبرز اے ون گریڈ لے کر حاصل کی۔ناظم امتحانات محمد عمران خان چشتی نے مزید بتایا کہ آرٹس پرائیویٹ میں پہلی پوزیشن اریبہ سہیل بنت سہیل اے اسلم رول نمبر 308028نے گیارہ سو میں سے 863 نمبرز اے گریڈ لیکرحاصل کی جبکہ دوسری پوزیشن ماریہ اعظم خان بنت محمد اعظم خان رول نمبر 301254 نے 833 نمبرز اے گریڈ لبکر اور تیسری پوزیشن مریم بنت رب نواز رول نمبر 302095 نے 298نمبرز اے گریڈ لیکر حاصل کی۔ خصوصی امیدواروں کے امتحانات میں پہلی پوزیشن آئی ڈی اے ریو کالج فارڈیف کے طالب علم فہد ولد جمیل احمد رول نمبر 790002نے گیارہ سو میں سے 992 نمبرز اے ون گریڈ لیکر حاصل کی، دوسری پوزیشن آغوش اسپیشل چلڈرن ہائیر سیکنڈری اسکول کے ثاقب علی ملاح ولد کریم بخش ملاح رول نمبر 790083 نے 987 نمبرز اے ون گریڈ لے کراور تیسری پوزیشن دیوا ہائیر سیکنڈری اسکول کے حمزہ عبدالرشید ولدعبدالرشید رول نمبر 790035نے 985نمبرز اے ون گریڈ لیکر حاصل کی۔ ناظم امتحانات محمد عمران خان چشتی نے مزید بتایا کہ آرٹس ریگولر کے امتحانات میں گیارہ ہزار ایک سو گیارہ امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کی جبکہ 10940 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے جس میں سے 4347امیدوار کامیاب ہوئے اس طرح کامیابی کا تناسب 39.73 فیصد رہا۔ ان امتحانات میں پانچ امیدواروں نے اے ون گریڈ، 144 نے اے گریڈ، 780 نے بی گریڈ، 1761 نے سی گریڈ، 1525 نے ڈی گریڈ اور 132 امیدواروں نے ای گریڈ میں کامیابی حاصل کی۔ آرٹس پرائیویٹ گروپ کے امتحانات میں 10214 امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کر کے 9746 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے جس میں سے 4171امیدوار کامیاب قرار پائے اس طرح کامیابی کا تناسب 42.80فیصد رہا۔ ان امتحانات میں کوئی امیدوار بھی اے ون گریڈ حاصل نہیں کرسکا جبکہ 58 امیدوار اے گریڈ، 569 نے بی گریڈ، 1733 سی گریڈ، 1668 ڈی گریڈ اور 143 امیدوار ای گریڈ میں کامیاب ہوئے۔ ناظم امتحانات محمد عمران خان چشتی نے خصوصی امیدواروں کے نتائج کے حوالے سے بتایا کہ ان امتحانات میں 94امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کر کے امتحانات میں شرکت کی جس میں سے 93 امیدوار کامیاب قرار پائے اس طرح کامیابی کا تناسب 98.94 فیصد رہا۔ ان امتحانات میں 49امیدوار اے ون گریڈ، 41 اے گریڈ اور تین امیدوار بی گریڈ میں کامیاب ہوئے۔ ڈپلومہ ان فزیکل ایجوکیشن کے امتحانات میں 29امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کی، 28امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے اور تمام امیدواروں نے کامیابی حاصل کی اس طرح کامیابی کا تناسب سوفیصد رہا۔ ان امتحانات میں چار امیدوار اے گریڈ، 17بی گریڈ اور 7 امیدوار سی گریڈ میں کامیاب قرار پائے۔
تازہ ترین