• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جونیئر ڈاکٹروں نے کنٹریکٹس تنازع پر پانچ ایک روزہ ہڑتالیں موخر کردیں

لندن(جنگ نیوز)انگلینڈ میں جونیئر ڈاکٹروں نے اگلے تین ماہ کے لئے پانچ روز ہڑتال کی سیریز مریضوں کی سیفٹی پر تشویش کے اظہار کے بعد موخر کردی، نئے کنٹریکٹس کے خلاف احتجاجا اکتوبر، نومبر اور دسمبر میں ہڑتالوں کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ برٹش میڈیکل ایسوسی ایشن کی جونیئر ڈاکٹروں کی کمیٹی نے کہا ہےکہ اس معاملے پر حکومت سے اس کا اختلاف برقرارہے۔ حکومت کہہ چکی ہے کہ ڈاکٹروں کا کیس میرٹ پر نہیں ہے۔ قبل ازیں ستمبر میں ہڑتال کا پروگرام بھی موخر کیاجاچکا ہے۔ واضح رہے کہ محکمہ صحت نے کہا ہے کہ نئے کنٹریکٹ سے این ایچ ایس سروس7دن فراہم کرنے میں مدد ملے گی مگر جونیئر ڈاکٹروں نے اس منصوبے سے عدم اتفاق کرتے ہوئے اس سال کے ابتدائی چار مہینوں میں 6مرتبہ ایک دن کا واک آئوٹ کیا۔ بی ایم اے جونیئر ڈاکٹرز کمیٹی کی چیئرویمن ڈاکٹر امین میک کورٹ نے کہا ہے کہ ہڑتالیں موخر کرنے کا فیصلہ ڈاکٹروں ، مریضوں اور پبلک سے ملنے والے فیڈبیک اور جونیئر ڈاکٹروں کے درمیان مشاورت کے نتیجے میں کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم کنٹریکٹ کے نفاذ کی اب بھی مخالفت کرتے ہیں اور اس کے خلاف مزاحمت کے لئے دیگر اقدامات کی منصوبہ بندی کررہے ہیں تاہم مریضوں کی سیفٹی ڈاکٹروں کے لئے تشویش کی بنیادی وجہ ہے۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ حکومت این ایچ ایس بھر سے ڈاکٹروں کے بارے میں تشویش پر اٹھنے والی آوازوں کو سنے گی، گزشتہ ہفتہ وزیر صحت جریمی نہٹ نے جونیئر ڈاکٹروں کے تنازع پر اظہار خیالات کرتے ہوئے اسے غیر اخلاقی اور ذاتی مفادات کی کمپین قرار دیا تھا جو کہ مریضوں  کے لئے انتہائی نقصان دہ ہے۔
تازہ ترین