• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک بحرین تجارتی کانفرنس کی پذیرائی ،400 مندوبین کی شرکت

لندن (جنگ نیوز) بحرین میں پاکستان کے سفیر جاوید ملک نے گزشتہ دنوں پاک بحرین تجارتی کانفرنس کا اہتمام کیا جس کو زبردست پذیرائی حاصل ہوئی، کانفرنس میں 400سے زیادہ مندوبین نے شرکت کی جن میں بحرین کے شاہی گھرانے کے ارکان بحرین میں قائم تجارتی اداروں کے سربراہوں کے علاوہ متحدہ عرب امارات کویت اور خلیج کے دیگر ممالک کے تجارتی اداروں کے سربراہوں نے بھی شرکت کی کانفرنس کی صدارت پاکستان اور بحرین کے وزرائے تجارت نے مشترکہ طورپر کی ایف پی سی سی آئی اور ایوان صنعت و تجارت بحرین کے صدر بھی کانفرنس میں موجود تھے اس موقع پر تقریر کرتے ہوئے پاکستان کے وزیر تجارت خرم دستگیر خان نے پاکستان میں سرمایہ کاروں اور تجارتی برادری کو مناسب ماحول فراہم کرنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر روشنی ڈالی، بحرین میں پاکستان کے سفیر جاوید ملک نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے پاکستان میں موجود مواقع اور سرمایہ کاروں کو حاصل سہولتوں اور ترغیبات پر روشنی ڈالی انھوں نے وزیر اعظم نواز شریف کی فعال اقتصادی سفارتکاری کی بدولت ہی اس کانفرنس کا انعقاد ممکن ہوسکا ہے اور یہ پہلا موقع ہے کہ بحرین یا خلیج تعاون کونسل میں پاکستان کے زیر اہتمام اتنی بڑی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ہے۔ اس سے سرمایہ کاروں کو یہ مثبت پیغام جائے گا کہ پاکستان میں تجارتی برادری کو سرمایہ کاری اور تجارت کے پرکشش مواقع دستیاب ہیں، اس سے پاکستان کی تجارتی برادری کو بھی بحرین کے ساتھ تجارتی روابط قائم کرنے اور اپنی برآمدات میں اضافے کے مواقع تلاش کرنے اور ان سے فائدہ اٹھانے کا موقع ملے گا۔ اس موقع پر پنجاب اور سندھ کے سرمایہ کاری اور تجارتی بورڈ اور بلوچستان کی وزارت تجارت نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے دستیاب مواقع کی عکاسی کی جن کو خلیجی ممالک کے معروف تجارتی اداروں کے سربراہوں نے سراہا اور اس میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
تازہ ترین