• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

علم میں برتری سے قوموں نے عروج حاصل کیا،امجد بشیر

بریڈفورڈ(عبید الرحمٰن مغل)رکن یورپی پارلیمنٹ امجد بشیر نے کہا ہے کہ دنیا کی تاریخ گواہ ہے ان ہی قوموں نے عروج حاصل کیا جنہوں نے علم کے میدان میں اپنی برتری ثابت کی، وہ کشمیر ایجوکیشن فائونڈیشن کے سالانہ فنڈ ریزنگ ڈنر سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر پاکستان بزنس فورم کے چیئرمین حاجی مصدق حسین، کیف کے سربراہ ڈاکٹر ظفر قدیر اور قونصلر جنرل آف پاکستان احمد امجد علی سمیت پاکستانیوں کی بہت بڑی تعداد موجود تھی۔ایم ای پی امجد بشیر کا کہنا تھا کہ اسلام میں تعلیم کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ قرآن کا پہلا لفظ ہی پڑھنے کے بارے میں نازل ہوا۔ برطانیہ کے ترقی کا راز علم و ہنر کو قرار دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ کی سرزمین ہیرے جواہرات نہیں اگلتی مگر اس کی تعلیم یافتہ قوم نے اس ملک کو عظیم مملکت بنادیا ہے۔ کشمیر ایجوکیشن فائونڈیشن کے سربراہ ڈاکٹر ظفر قدیر کا کہنا تھا کہ ان کا ادارہ آزاد کشمیر اور پاکستان میں غریب مگر باصلاحیت بچوں کو مفت اور معیاری تعلیم فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر ایجوکیشن فائونڈیشن کے 5اسکول پاکستان و آزاد کشمیر میں لڑکیوں کی اعلی تعلیم اور بہتر مستقبل اور انہیں اپنے پیروں پر کھڑا کرنےمیں معاون و مددگار ثابت ہورہے ہیں۔ اشتیاق میر نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، ضرورت اس بات کی ہے کہ ہر بچے کو معیاری اور مفت تعلیم فراہم کی جائے جو اس کا حق ہے تقریب سے ماہر تعلیم اکرم خان چیمہ و دیگر نے بھی خطاب کیا، حافظ سلمان کی تلاوت سے شروع ہونے والی تقریب میں ایک ڈاکومنٹری کے ذریعے شرکاء کو کیف کے متعدد اسکولوں میں مفت تعلیم حاصل کرنے والے مستحق بچوں کے بارے میں بتایا گیا۔
تازہ ترین