• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کی سیاسی قیادت کشمیر کی آزادی کیلئے فرنٹ لائن پر آئے، راجہ اشتیاق

برمنگھم (ابرار مغل) قائداعظم ٹرسٹ برطانیہ کے چیئرمین راجہ محمد اشتیاق خان نے پاکستانی سیاسی قیادت سے مطالبہ کیا ہے ایک دوسرے کے خلاف معرکہ آرائی اور احتجاج کے بجائے تمام سیاسی قیادت پاکستان کے استحکام، دفاع سلامتی اور کشمیر کی آزادی کے لئے فرنٹ لائن پر آجائے۔ عمران خان، بلاول بھٹوزرداری، سراج الحق، طاہرالقادری، مولانا فضل الرحمٰن سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین عوام کو لے کر بارڈر اور کنٹرول لائن کی جانب مارچ کرکے ثابت کریں کہ فوج سے پہلے دشمن جارحیتی قوتیں پاکستان کے عوام سے مقابلہ کریں۔ جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے راجہ محمد اشتیاق خان نے کہا کہ اس وقت رائے ونڈ یا اسلام آباد میں احتجاج کی بجائے مقبوضہ کشمیر کے عوام کیساتھ اظہار یکجہتی کی ضرورت ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام تمام تر مظالم کے باوجود پاکستان پرچم بلند کر رہے ہیں۔ کشمیری عوام پاکستان کے لئے اپنی نوجوان نسل قربان کر رہی ہے ایسے میں قومی سیاسی قیادت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ کشمیری عوام کی پاکستان سے محبت و عقیدت کی لاج رکھتے ہوئے اپنے اختلافات بھلا کر کنٹرول لائن پر آئے اور کشمیری عوام کو بتائے کہ پاکستانی سیاسی قیادت ان کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہے اور کشمیری عوام کو کبھی بھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
تازہ ترین