• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت انسانی حقوق کونسل کو دورہ مقبوضہ کشمیر کی اجازت دے، علامہ نثار بیگ

مانچسٹر (پ ر) مرکزی جماعت اہلسنت یوکے اینڈ اوورسیز کے صدر علامہ احمد نثار بیگ قادری اور سیکرٹری جنرل علامہ مفتی فضل احمد قادری نے مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر بھارتی حکومت کے انسانیت سوز مظالم کی سخت مذمت کرتے ہوئے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ انسانی حقوق کونسل کے وفود کو فوری طور پر مقبوضہ کشمیر کا دورہ کرنے کی اجازت دے۔ بھارت کی انتہائی ظالم فوج نے کشمیری عوام پر80روز سے سخت کرفیو لگا کر خوراک اور طبی سہولتیں بند کر کے عرصۂ حیات تنگ کر دیا ہے۔ ایک سو سے زیادہ کشمیریوں کو شہید کر دیا ار دس ہزار سے زیادہ مردوں عورتوں اور بچوں کو شدید زخمی کرکے معذور کر دیا ہے۔ پیلٹ گنز استعمال کرکے ڈیڑہزاروںافراد کو بینائی سے محروم کر دیا لیکن اقوام عالم کا ضمیر بیدار ہونے کا نام نہیں لے رہا۔ انسانی حقوق کی دعویدارتنظیمیں مقبوضہ کشمیر کا رخ نہیں کر رہی ہیں او آئی سی کے فیکٹ فائنڈنگ مشن کو ابھی تک مقبوضہ کشمیر میں نہیں بھیجا گیا۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بانکی مون نے بھارتی مظالم کے واضح ثبوت دیکھنے کے باوجود ابھی تک اپنی ذمہ داری نہیں نبھائی اور نہ اقوام متحدہ کے فیکٹ فائنڈنگ وفد مقبوضہ کشمیر بھیجے جس سے صاف ظاہر ہے کہ امریکہ یورپ سمیت کئی ممالک نے جان بوجھ کر بھارتی حکومت کو مقبوضہ کشمیر میں مزید مظالم ڈھانے کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے۔ ان رہنماؤں نےمشترکہ بیان میں پاکستانی وزیر اعظم کی جنرل اسمبلی میں کاوشوں کو ناکافی قرار دیااور کہا کہ چین ترکی اور کسی حد تک ایران کے سوا کسی ملک نے پاکستان کی اپیلوں پر کان نہیں دھرے۔ جس سے صاف ظاہر ہے کہ حکومت پاکستان کی خارجہ پالیسیاں ناکام ہو رہی ہیں۔ ایسے نازک حالات میں بھی حکومت نے ایک مستقل اور مستعد تجربہ کار وزیر خارجہ مقرر نہیں کیا۔ وزیر اعظم پاکستان نے جنرل اسمبلی میں اپنے خطاب میں انتہائی ولولہ انگیز طریقے سے مقبوضہ کشمیر کے مظلوموں کامسئلہ اٹھایا۔ جو بہت ہی قابل تعریف ہے، جس سے پورے بھارت میں صفِ ماتھ بچھ گئی۔ مگراس کے اثرات کو پوری طرح مرتب کرنے کے لئے کوئی منصوبہ بندی نہیں کی گئی۔ اگر اس کے بعد لائق اور مستعد سفراء اور وزراء بھرپور لابی کرتے تو ہر ملک سے بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند ہوتی۔
تازہ ترین